Live Updates

محنت کش کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، نعیم خان بھابھہ

جمعرات 1 مئی 2025 13:38

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) مسلم لیگ(ن) کے رہنماوممبر پنجاب اسمبلی نعیم خان بھابھہ نے کہا ہے کہ محنت کش کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،مزدور اللہ کا دوست،ملک کی قوت اور معاشرے کی شان ہے ،مزدوروں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا عزم ایک روشن خوشحال اور مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔

نعیم خان بھابھہ نے قوم کے تمام محنت کشوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم مئی صرف ایک دن نہیں بلکہ عزم، قربانی اور انسانی عظمت کی وہ روشن علامت ہے جو ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ ترقی یافتہ قومیں اپنے محنت کشوں کے احترام، ان کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بناتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بطور قوم اس حقیقت کا ادراک کرنا ہوگا کہ جب تک مزدور طبقے کو سماجی، معاشی اور قانونی تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا، پائیدار ترقی کا خواب ادھورا رہے گا۔

سابقوزیر زراعت پنجاب نعیم خان بھابھہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ سے محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، اجرتوں میں بہتری، محفوظ ماحول اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے سرگرم عمل رہی ہے،ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ آئندہ بھی مزدروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی اور پالیسی سازی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے،جو محنت کشوں کی زندگیوں میں بہتری اور خوشحالی کا پیش خیمہ بنیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف محنت کشوں کے حقوق کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں،"اپنا گھر اپنی چھت پروگرام" سستی روٹی کی فراہمی اور دیگر مزدرو دوست پالیسیاں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے مزدرو کی بہتری کیلئے جاری کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو باوقار زندگی فراہم کرنے، ان کے لیے بنیادی ضروریات جیسے کہ تعلیم، صحت، رہائش اور سماجی تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف دن رات کوشاں ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات