ملک کی تعمیر و ترقی میں مزدوروں اور کسانوں کا کردار اہم ہے ،سردار غلام رسول عمرانی

جمعرات 1 مئی 2025 18:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) صوبائی مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی نے کہا ہے کہ دین اسلام مزدوروں کے حقوق کی پاسداری کرنے والا واحد مذہب ہے،ملک کی تعمیر و ترقی میں مزدوروں اور کسانوں نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔عالمی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں سردار غلام رسول عمرانی نے کہا کہ حکومت بلوچستان وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مزدوروں اور ان کے بچوں کی بہبود حکومت کا اہم مقصد ہے،بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار مزدوروں کے بچے ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ سردار غلام رسول عمرانی نے واضح کیا کہ محنت کشوں کے بچوں کو روزگار، صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔صوبائی مشیر نے محنت کشوں کی شب و روز کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کوششوں سے بلوچستان اور پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں ۔انہوں نے ملک کے تمام مزدوروں کو ان کی لازوال خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔