Live Updates

مظفرآباد، یومِ مزدور پر پیپلز لیبر بیورو کے زیر اہتمام ریلی، شہدائے شکاگو کو خراج عقیدت ریلی کا انعقاد

جمعرات 1 مئی 2025 21:51

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء) یکم مئی عالمی یومِ مزدور کے موقع پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پیپلز لیبر بیورو کے زیر اہتمام ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز گھڑی پن سے ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی آزادی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مزدوروں کے حقوق کے حق میں نعرے درج تھے۔

ریلی کے دوران شرکاء نے شہدائے شکاگو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بھرپور نعرہ بازی کی،ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یکم مئی مزدوروں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، جنہوں نے اپنے حقوق کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کا لیبر ونگ ہر دور میں مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی علمبردار رہی ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ وہ معاشرے کے تمام طبقات کے لیے بلا امتیاز بنیادی حقوق کی فراہمی پر یقین رکھتے ہیں، اور یہی فلسفہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا تھا۔اس موقع پر سابق امیدوار اسمبلی مبارک حیدر، شجاعت کاظمی، جہانگیر مغل، سردار آفاق، رفیق گورسی، قلبِ عباس، شائق گیلانی، سید علی رضا، جواد اختر اعوان، عمار مرزا، مقیم مغل، اشتیاق اعوان، جنید مراد، جنید کاظمی، زین نقوی، زین شیخ، قدیر خان، رقب خان اور راجہ جاوید سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔

مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کے لیے کم از کم تنخواہ میں اضافہ کیا جائے،جو حکومت کی طرف سے مقرر کردہ اجرت ہے اس پر عملدرآمد کیا جائے انہیں سوشل سیکیورٹی، میڈیکل سہولیات اور مستقل روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔ریلی پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات