چین پاکستان زرعی ٹیکنالوجی ورکنگ گروپ کے قیام کا اعلان خوش آئند ‘ علی ارشد رانا

پاکستان ،چین تعاون سے زرعی میکانائزیشن ،دیگر شعبوں میں ترقی ہو گی ‘ ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن

جمعہ 2 مئی 2025 12:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت زرعی منصوبوں کے دوسرے مرحلے میں چین پاکستان زرعی ٹیکنالوجی ورکنگ گروپ کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے ،دونوں ممالک کی جانب سے تحقیق کیلئے مشترکہ تجربہ گاہوں کے قیام اور مستقبل قریب میں زرعی شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون سے زرعی میکانائزیشن اور دیگر شعبوں میں ترقی ہو گی جس سے پاکستان کی زراعت گروتھ دکھائے گی ۔ انہوں نے سنکیانگ کی جنگو اسیڈ انڈسٹری اور چائنیز اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کے کراپ سائنسی انسٹی ٹیوٹ کی شمولیت کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس اشتراک سے پاکستان کی زراعت کو نئی جہت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن بطور ادارہ اس ساری پیشرفت کا جائزہ لے رہا ہے اور اس سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے اپنی استعداد بڑھا رہے ہیں ۔ ہماری ترجیح زیادہ پیداوار دینے اور مختلف بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والے بیجوں کی تیاری ہے جس کے لئے کامیابی سے پیشرفت جاری ہے ۔