Live Updates

دشمن کی جانب سے کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مﺅثرجواب دینے کیلئے پاک فوج کی جنگی مشقیں جاری

مشقوں میں جدید ہتھیاروں اور سازوسامان کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے آپریشنل تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جنگی مشقوں کا بنیادی مقصد دشمن کی ممکنہ جارحیت کا بھرپور اور موثر انداز میں جواب دینا ہے، سیکورٹی ذرائع

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 2 مئی 2025 15:06

دشمن کی جانب سے کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مﺅثرجواب دینے کیلئے پاک فوج ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 مئی 2025) دشمن کی جانب سے کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مﺅثرجواب دینے کیلئے پاک فوج جنگی مشقوں کی تیاریوں میں مصروف ، پاک فوج کی جنگی مشقیں پورے زور و شور سے جاری ہیں، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مشقوں میں جدید ہتھیاروں اور سازوسامان کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے آپریشنل تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان جنگی مشقوں کا بنیادی مقصد دشمن کی ممکنہ جارحیت کا بھرپور اور موثر انداز میں جواب دینا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مشقوں میں افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت نمایاں طور پر نظر آ رہی ہے جو پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سکیورٹی ذرائع کایہ بھی کہنا ہے کہ ان جنگی مشقوں کا مقصد دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینا ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کیلئے ہر دم تیار ہے۔پاک فضائیہ دشمن کو دھول چٹانے کیلئے ہردم تیار ہے۔ پاک فضائیہ نے ہمیشہ پاکستان کی سالمیت کی خاطر اپنی پیشہ وارانہ ذمے داریاں انتہائی پروفیشنل اور موثر اندازمیں ادا کی ہیں۔جدید ترین لڑاکا طیاروں سے لیس پاکستان ائیر فورس کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی فضائیہ کے 4 رافیل طیاروں نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فضائی حدود میں پٹرولنگ کی تھی ۔ پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھارتی فضائیہ کے طیاروں کی فورا نشاندہی کر لی تھی۔ پاکستان ایئرفورس کے خوف کا شکار بھارتی رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر فوراواپس فرار ہونے پر مجبور ہو گئے تھے۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں کی 29اور30اپریل کی درمیانی شب بھارتی فضائیہ کے چار رافیل جنگی طیاروں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں پٹرولنگ کی تاہم وہ اپنی جغرافیائی حدود کے اندر ہی رہے تھے۔

پاکستان ائیر فورس کے طیاروں نے ہندوستانی ائیر فورس کے ان جنگی جہازوں کی فوراً نشان دہی کر لی جس کے بعد پاکستانی ائیر فورس کی بروقت اور مستعد کارروائی پرانڈین رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر راہ فرار اختیار کر گئے تھے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت بھارتی فضائیہ کی جانب سے اشتعال انگیز اور جارحانہ عزائم کی عکاسی کرتی تھی۔

جیسے ہی بھارتی رافیل طیارے فضا میں متحرک ہوئے پاکستانی طیاروں کی تیز اور موثر کارروائی نے بھارتی طیاروں کو ہکا بکا کر دیا اور وہ بوکھلاہٹ میں اپنی فضائی حدود کے اندر واپس پلٹنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ قبل ازیں بھی سیکورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاک فوج نے جاسوسی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا تھا۔

پاک فوج نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کو ناکام بناتے ہوئے کواڈ کاپٹرمار گرایا تھا۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر بھمبرکے علاقے مناور سیکٹر میں دشمن نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے جاسوسی کوشش کی تھی۔ سیکیورٹی ذرائع نے اس واقعہ کی تصدیق کی تھی کہ بھمبر کے مناور سیکٹر میں دشمن نے کواڈ کاپٹر سے جاسوسی کی کوشش کی گئی تھی۔ پاک فوج کی بروقت کارروائی نے دشمن کی سرحد پار جاسوسی کی مذموم کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات