پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں‘پی ڈی ایم اے

بارشوں کا یہ سلسلہ 4 مئی تک جاری رہے گا،آئندہ 3 روز میں آسمانی بجلی کے گرنے کے خدشات ہیں

جمعہ 2 مئی 2025 18:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)ڈائریکٹر جنرل پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں،بارشوں کا یہ سلسلہ 4 مئی تک جاری رہے گا،موجودہ موسمی صورتحال میں آسمانی بجلی کی گرج چمک کے امکانات زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ آئندہ 3 روز میں آسمانی بجلی کے گرنے کے خدشات ہیں،آسمانی بجلی سے بچا ئوکیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، خراب موسمی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،گزشتہ شب آندھی طوفان اور بارش کے باعث 2 شہری جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے،طوفان کے باعث 9 عمارتوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت متاثر خاندان کی مالی معاونت کو یقینی بنایا جائے گا۔ راولپنڈی، گوجرانوالا، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں بارش ہو گی۔ مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔ ریسکیو سمیت ضلعی انتظامیہ الرٹ رہے۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کر یں۔