بھارتی فضائیہ میں پائلٹوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتیں، ناقص حفاظتی معیار کا پول کھل گیا

جمعہ 2 مئی 2025 22:46

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2025ء) بھارتی فضائیہ میں ہونے والے پے در پے حادثات نے اِس کے ناقص حفاظتی معیار اور غیر پیشہ ورانہ آپریشنل تیاریوں کی قلعی کھول دی ہے۔ میڈیا رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوے کہا گیا ہے کہ گزشتہ 30 سالوں میں بھارتی فضائیہ میں 550 سے زائد فضائی حادثات رونما ہوئے ہیں، جن میں 150 سے زائد بھارتی پائلٹ اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔

حیران کن طور پر بھارتی فضائیہ میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے حادثات میں ہلاک ہونے والے پائلٹوں کی تعداد 1999 کی کارگل جنگ میں ہونے والی ہلاکتوں سے 30 گنا زیادہ ہے۔ اب تک بھارتی فضائیہ کے 150 سے زائد پائلٹ تربیتی مشقوں اور روزمرہ کی پروازوں کے دوران ہلاک ہو چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اِن ہلاکتوں کی بنیادی وجوہات میں انسانی غلطیاں، تکنیکی خرابی اور غیر معیاری تربیت شامل ہیں۔

(جاری ہے)

حال ہی میں 2 اپریل 2025 کو بھارتی فضائیہ کا ایک جیگوار طیارہ رات کی تربیتی پرواز کے دوران جام نگر میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ لیفٹیننٹ سدھارتھ یادو ہلاک ہوگیا۔ اس سے قبل مارچ 2025 میں ایک ہی دن میں بھارتی فضائیہ کے جیگوار سمیت دو لڑاکا طیارے گر کر تباہ ہوئے تھے۔ نومبر 2024 میں بھی MIG-29 لڑاکا طیارہ آگرہ، اتر پردیش کے قریب حادثے کا شکار ہوا تھا۔

جنوری 2023 میں مدھیا پردیش میں ایس یو تھرٹی اور میراج 2000 طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہو گئے تھے، جبکہ 8 دسمبر 2021 کو ہیلی کاپٹر کے ایک المناک حادثے میں جنرل بپن راوت سمیت 13 اعلیٰ افسران ہلاک ہو گئے تھے۔بھارتی فضائیہ میں مگ 21 طیاروں کو ان کی خطرناک تاریخ کے باعث وڈو میکر اور فلائنگ کفن کے نام سے جانا جاتا ہے۔ 2019 میں پاکستان کی حدود میں مار گرایا جانے والا طیارہ بھی مگ 21 بائسن تھا، جسے بھارتی پائلٹ ابھی نندن اڑا رہا تھا۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مسلسل طیارہ حادثات بھارتی فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور حفاظتی معیار پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ مودی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے بھارت کا دفاعی نظام کھوکھلا ہو چکا ہے اور مودی سرکار کے دفاع میں بہتری کے وعدے محض زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں ہیں۔ ماہرین نے ان ہلاکتوں کو بھارتی فضائیہ کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا ہے۔