لکی مروت، پولیس چوکی پر رات گئے دہشت گردوں کا حملہ ، شہری جاں بحق پولیس اہلکار اور چوکیدار زخمی

ون فائیو پولیس چوکی گنڈی چوک پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے مین گیٹ تباہ کر دیا تھا، دہشت گردوں نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا تھا، پولیس کی فوری جوابی کارروائی پر دہشت گرد فرار ہوگئے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 3 مئی 2025 12:21

لکی مروت، پولیس چوکی پر رات گئے دہشت گردوں کا حملہ ، شہری جاں بحق  پولیس ..
لکی مروت(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 مئی 2025)خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں پولیس چوکی پر رات گئے دہشت گردوں کا حملہ ، مقامی شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ چوکیدار اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق حملے میں دہشت گردوں نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں چوکی کا مین گیٹ مکمل طورپرتباہ ہوگیا،خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت کی ون فائیو پولیس چوکی گنڈی چوک پر دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز سے حملہ کردیا، پولیس کی فوری جوابی کارروائی پر دہشت گرد فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایک مقامی شہری گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک پولیس اہلکاراورچوکی کا چوکیدارزخمی ہوگئے۔ زخمیوں کوفوری طورپرقریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ اچانک کیا گیا اورجوابی کارروائی سے دہشتگرد فرارہو گئے۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔

پولیس نے واقعے کو دہشت گردی قراردیتے ہوئے تحقیقات کا آغازکردیا ہے جبکہ شہریوں سے مشکوک حرکات کی اطلاع فوری دینے کی اپیل کی گئی ہے۔قبل ازیں پشاور کے علاقے ارمڑ میں واقع پولیس چوکی پر نامعلوم شدت پسندوں کی جانب سے ہینڈ گرینیڈ سے حملہ کیا گیاتھا۔حملے میں چوکی کے مین گیٹ کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہواتھا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تھی۔

ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش کاکہنا تھا کہ پولیس چوک پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ گزشتہ روز کیاگیا تھا۔دہشتگرد حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی تھی ۔ سیکیورٹی فورسز مشتبہ افراد کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی تھیں۔پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد اکٹھے کئے جا رہے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی خیبرaپختونخوا ہ کے اضلاع صوابی اور بنوں میں دہشت گردی کے دو مختلف واقعات میں3اہلکار شہید اور2زخمی ہوگئے تھے۔بنوں کے علاقے ڈومیل میں کمپنی روڈ پر سی ٹی ڈی پولیس اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کے تین اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے تھے۔ فائرنگ کی زد میں آ کر تین شہری بھی زخمی ہوئے تھے۔

اس حوالے سے ڈی پی او سلیم عباس کلاچی کا کہنا تھا کہ لاشیں اور زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ریسپانس کے طور پر بنوں پولیس کی اضافی نفری اور بکتر بند گاڑیاں روانہ کر دی گئیں تھیں۔ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان اور ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی نے ہسپتال پہنچ کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور شہداءکے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ڈی پی او کا یہ بھی کہنا تھا کہ حملہ آور ساتھیوں کی لاشیں اور زخمی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ حملہ آوروں سے اسلحہ، ہینڈ گرینیڈ، آئی ای ڈی اور دیگر سامان برآمد ہوا تھا۔