فیصل آباد، پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والا ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا

ہفتہ 3 مئی 2025 13:55

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والا ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا،کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے فیصل آباد میں کامیاب کارروائی کرکے سال 2003میں پولیس ریڈ کے دوران سب انسپکٹر غلام قادر اور کانسٹیبل نورخان کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والے قتل،اقدام قتل،ڈکیتی راہزنی کی27مقدمات میں مطلوب ڈاکو الہی بخش کو پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق فیصل آباد تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ میں سی سی ڈی مدینہ ڈویژن سے مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران خطرناک ڈاکو مارا گیا۔بتایا گیا ہے کہ سی سی ڈی مدینہ ڈویژن کی ریڈنگ ٹیم نے ٹھیکریوالہ کے علاقہ ملاں پور کے قریب اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ 4 موٹر سائیکل سواروں نے روکنے کی کوشش کے دوران پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد ایک زخمی ملزم کو گرفتار کر لیا اور اسکے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ ہلاک یونیوالے ڈاکو کی شناخت الہی بخش ساکن ایوب کالونی کے نام سے ہوئی جو قتل،اقدام قتل،ڈکیتی راہزنی کے 27مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب تھا۔ مذکورہ ڈاکو سال 2003 میں پولیس ریڈ کے دوران سب انسپکٹر غلام قادر اور کانسٹیبل نورخان کو فائرنگ کرکے شہید کرنے کی واردات میں بھی ملوث تھا۔ملزم کے قبضہ سے گلبرگ کے علاقہ میں شہری سے چھینی گئی موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔پولیس نے ہلاک ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کر دی ۔