پہلگام حملہ مودی حکومت کی سازش ہے، پروفیسر سوز،سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو پاک بھارت کھلی جنگ ہو گی، سینئر کانگریس رہنما

ہفتہ 3 مئی 2025 14:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کانگریس کے سینئر رہنما پروفیسر سیف الدین سوز نے کہا ہے کہ پاکستان کا واضح مو قف ہے کہ وہ پہلگام حملے میں کسی بھی طرح ملوث نہیں ہے اور یہ مودی سرکار کی ایک سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس آبی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو بھارت اور پاکستان کے درمیان کھلی جنگ ہوگی۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیف الدین سوز نے ایک بیان میں کہا کہ اگر پاکستان کا پانی موڑنے کی کوئی کوشش کی گئی تو اس کے نتیجے میں نہ صرف مقبوضہ جموں وکشمیر بلکہ بھارتی پنجاب مکمل طور پر زیر آب آ جائیں گے۔انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کے لیے پانی ایک لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے جو زراعت اور پینے کے مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ پروفیسر سوز نے ، جو بھارتی وزیر برائے آبی وسائل بھی رہے ہیں ، نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری صورتحال کو باریک بینی سے دیکھ رہی ہے۔