منگچر میں مسلح افراد کا حملہ، قومی شاہراہ بند، دفاتر و عدالت کو نذرِ آتش کرنے کی اطلاعات

ہفتہ 3 مئی 2025 19:45

منگچر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2025ء) گزشتہ شام سات بجے کے قریب منگچر کے جوہان کراس مین بازار میں مسلح افراد نے اچانک گاڑیوں کو روک کر تلاشی لینا شروع کی اور کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔مقامی ذرائع کے مطابق مغرب کے اذانوں کے ساتھ ہی علاقے میں شدید فائرنگ شروع ہوگئی جو وقفے وقفے سے رات ایک بجے تک دھماکوں کے ساتھ جاری رہی۔

(جاری ہے)

علی الصبح مساجد سے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی، جس کے باعث جوہان کراس بازار کی تمام دکانیں اور نجی و سرکاری اسکولیں مکمل طور پر بند رہے۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور اب جوہان کراس بازار میں مکمل طور پر سیکیورٹی تعینات ہے۔ اگرچہ کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، لیکن راستے سے گزرنے والے افراد نے بتایا ہے کہ نیشنل بینک ، جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت اور نادرا آفس جو بازار میں قائم ہیں کو آگ لگا دی گئی۔فی الحال قومی شاہراہ پر ٹریفک بحال ہے، تاہم مقامی مسافر گاڑیاں کوئٹہ اور دیگر علاقوں کو روانہ نہیں ہوسکیں۔ علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔