بیس کیمپ کا پورا نظام تحریک آزادی کشمیر کی مرہون منت ہے ،وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق

ہفتہ 3 مئی 2025 22:38

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2025ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بیس کیمپ کا پورا نظام تحریک آزادی کشمیر کی مرہون منت ہے ،وزیراعظم بنا تو آٹا لوٹنے کی خبریں آرہی تھیں ، آج ایسا نہیں ہورہا کیوں ؟ 20 اپریل کو 2 سال پورے ہوئے ، اس عرصے میں ایک لمحہ ایسا نہیں آیا جب عدم اعتماد کی گونج نہ سنی ہو ، نہ کوئی ٹی اے ڈی اے لیتا ہوں اور اور نہ ہی تنخواہ ، جب تک اللہ تعالیٰ کی رضا شامل حال رہی کام کرتا رہوں گا ، جس منصب پر ہوں اس کے ایک ایک لمحے کا حساب مالک الملک لے گا ، میرٹ کے لیے قیمت دی ہے ، سب جانتے ہیں کہ پہلے پبلک سروس کمیشن کیسے بنتا تھا ؟ این ٹی ایس کو میرٹ پر لاکر 3000ہزار بچے بچیاں میرٹ پر بھرتی کیے ، تبدیلی بتدریج عمل ہے یہ فوری طور پر ممکن نہیں ہے ، مولانا صاحب نے جن 2 سڑکوں کا کہا ہے ان دو سڑکوں کا اعلان کرتا ہوں ، میں یہاں آپ لوگوں کی سماجی خدمات کا اعتراف کرنے آیا ہوں ، مخلوق کی بھلائی کے لیے جتنا کام کیا جائے ، کم ہوتا ہے ، میں اسی کام کے لیے منتخب ہوا ہوں کہ آپ کا دکھ درد بانٹوں ، اگر ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہ ہوں ، مذہبی اور سیاسی آزادیاں میسر نہ ہوں تو ہم نے پھر تعمیر و ترقی کا کیا کرنا ہے ؟ اللّہ تعالیٰ کے دین کی ناموس کی خاطر اگر موت مل جائے تو اس سے بڑی نعمت کیا ہے ؟ جب 71 روپے بجلی فی یونٹ تھی تو 70 فیصد چوری تھی اب 3 روپے یونٹ بجلی ہے تو 71 فیصد چوری ہے ، ٹیکس نہیں دینا تو تعمیر و ترقی کا نظام کیسے چلے گا ؟۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر نے تھوراڑ میں خیر الناس ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں ہو رہی ہیں جبکہ آزاد کشمیر کے عوام کو مکمل آزادیاں حاصل ہیں۔ یہاں کے لوگوں کے آباؤ اجداد نے جو تاریخ رقم کی اس کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے ، ہم اپنے کردار کو بہتر بنا کر ہی نظام کو درست کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے دو اہم سڑکوں کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ایمانداری سے عوام پر ہی خرچ کیا جائے گا۔ ٹیکس، ٹمبر اور سگریٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئیں، جن کے مثبت اثرات عوام کو پہنچ رہے ہیں، معزز دنیا میں پبلک کے ٹیکسیز کے پیسے پر تختی نہیں لگائی جاسکتی ، تختی صرف آپ اپنے پیسوں سے لگا سکتے ہیں ، تقریب کی صدارت امیر جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف خان نے کی۔

اس موقع پر وزیر زراعت سردار میر اکبر خان، وزیر صحت ڈاکٹر انصر ابدالی ، وزیر خوراک چوہدری محمد اکبر ابراہیم، مشیر حکومت سردار احمد صغیر خان بھی موجود تھے. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ اس علاقے میں دستیاب سہولیات دیگر علاقوں سے بہتر ہیں۔ پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس جیسے اداروں کا قیام میرٹ کی بحالی کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔

وزیر اعظم نے خیر الناس ٹرسٹ کے منتظمین کو عوامی خدمت پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ حکومت عوامی مطالبات کے حل کے لیے سنجیدہ ہے، باقی مطالبات بھی ترجیحی بنیادوں پر پورے کیے جائیں گے ، وزیر اعظم نے ٹرسٹ کی طرف سے تعمیر سڑک ، ایمبولینس کی فراہمی اور سکول کی عمارت کی تعمیر کا افتتاح بھی کیا، اس موقع پر امیر جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف خان ، مشیر حکومت سردار احمد صغیر ، ویلفیئر ٹرسٹ کے سرپرست سردار محمد اعظم خان ، مولانا طارق مسعود ، سابق سیکرٹری حکومت سردار فاروق تبسّم سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔