آزادیِ صحافت کا سب سے اہم پہلو ذمہ دارانہ صحافت ہے ،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

ہفتہ 3 مئی 2025 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آزادیِ صحافت کا سب سے اہم پہلو ذمہ دارانہ صحافت ہے ، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ صحافت کو آزاد رکھے جبکہ مالکان کا فرض ہے کہ ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیں ۔ یومِ صحافت کے موقع صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے احساس ہے کہ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات میں فرائض انجام دے رہے ہیں ،حکومتِ بلوچستان صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ قومی چینلز بلوچستان کو صرف کرائم نیوز تک محدود نہ رکھیں بلکہ بلوچستان کے سماجی مسائل پر بھی توجہ دی جانی چاہیے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مثبت تنقید کو ہمیشہ اصلاح کا موقع سمجھا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی اہم اکائی ہے تمام ٹی وی چینلز کو یہاں اپنے بیوروز فعال کرنے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو چینلز پیمرا معاہدے کے برعکس بیوروز بند یا ورکرز فارغ کر رہے ہیں، ان سے متعلق وفاقی وزارت اطلاعات کو آگاہ کیا ہے اور اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات اور سیکرٹری اطلاعات نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے باہمی مشاورت سے قابلِ عمل اقدامات اٹھائے جائیں گے ، صوبائی حکومت نے صحافیوں کے فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا آغاز کیا ہے ، صحافیوں کے لیے مختص رہائشی کالونی کے منصوبے پر پیشرفت جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی ہمارے معاشرے کا پڑھا لکھا طبقہ ہے جو نہ صرف صوبے کے مسائل اپنے زبان اور قلم سے اجاگر کرتے ہیں بلکہ حکومت وقت کو مسائل کے حل کے لیے تجاویز بھی فراہم کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت بہترین معاشرے کی تشکیل کا سبب بنتی ہے جسے ہر سطح پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔