غیر قانونی تعمیرات اور اس مجرمانہ سرگرمیوں کے مکمل خاتمے کا فیصلہ ہوچکا ہے ، متاثرین اپنے نقصان کے از خود ذمہ دار ہیں ،ڈی جی ایس بی سی اے

ہفتہ 3 مئی 2025 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی محمد اسحاق کھوڑو نے کہا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات اور اس مجرمانہ سرگرمیوں کے مکمل خاتمے کا فیصلہ ہوچکا ہے ، متاثرین اپنے نقصان کے از خود ذمہ دار ہیں ، غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثرہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سمیت دیگر ڈسٹرکٹس میں بھی انہدامی مہم کو تیز کردیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل کی ہدایات پر ڈیمالیشن اسکواڈ نے ڈسٹرکٹ ایسٹ، کورنگی اور ڈسٹرکٹ ساتھ کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے اضافی منزلوں، پورشن، استعمال اراضی کے بر خلاف اور دیگر غیرقانونی تعمیرات کو منہدم و سربمہر کردیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے نے کہا ہے شہر کے انفراسٹرکچر کی تباہی کا موجب بننے والی غیر قانونی تعمیرات کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے مکمل خاتمے کا فیصلہ ہوچکا ہے پورے شہر میں بھرپور مہم جاری ہے شہری جعلی بلڈرز کے دھوکے میں نہ آئیں ، انہدامی عمل میں ہنگامہ آرائی سے مہلت ملنا وقتی ہے ایسی تعمیرات کا قوت سے خاتمہ کیا جائے گا ، بار بار تنبیہ کے باوجود غیر قانونی تعمیرات میں سرمایہ کاری کرنے والے اپنے نقصان کے از خود ذمہ دار ہیں ۔

(جاری ہے)

علاہ ڈائریکٹر جنرل کی ہدایات پر ڈیمالیشن اسکواڈ کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ایسٹ، گلشن اقبال ٹان اسکیم 24 میں پلاٹ نمبر27/1 -E بلاک 08 پر دوسری منزل کی تعمیرات،پلاٹ نمبر 32-SB ، بلاک C-13 پر پانچویں منزل لکڑی کے اسٹرکچر کو منہدم اور اسکیم 33 میں پلاٹ نمبر 27-A ریلوے سوسائٹی پر پانچویں منزل کی پارٹیشن دیواروں کو منہدم کرنے سمیت پلاٹ نمبر B-08 , کنیز فاطمہ سی ایچ ایس گرانڈ اور پہلی منزل اور پلاٹ نمبر FL -03, میٹروول تھرڈ پر خلاف ضابطہ دکانوں کو سربمہر کردیاجبکہ پی آی سی ایچ ایس میں پلاٹ نمبر 19-H بلاک 02 پی آی سی ایچ ایس کی لازمی کھلی جگہ پر تعمیرات اور پلاٹ نمبر B- 224 ، بلاک 02 گرانڈ اور پہلی منزل کی لازمی کھلی جگہ پر تعمیرات کو منہدم کردیا گیا۔

دریں اثنا ڈیمالیشن ٹیم نے ڈسٹرکٹ کورنگی میں پلاٹ نمبر 2/3 لیاقت ایونیو ماڈل کالونی پر تیسری منزل کی آرسی سی چھت اور کالمز، پلاٹ نمبر G -44/9 , جی ایریا ، ملیر ایکسٹینشن ،ماڈل کالونی پر زیر تعمیر خلاف ضابطہ گرانڈ فلور کی پارٹیشن دیواروں اور چھت کی تعمیرات کے لئے نصب شیٹرنگ کو منہدم اور معزز عدالت کے حکم کی تعمیل میں پلاٹ نمبر C -309 ، سوداگران سی ایچ ایس شاہ فیصل ٹان پر گرنڈ کی تعمیرات کے کچھ حصے کو منہدم کیا گیا اس دوران وہاں موجود ہجوم کی جانب انہدامی عمل کو روکنے کے لئے ہنگامہ آرائی پولیس فورس کے قابو میں نہیں رہی جس کی وجہ سے انہدامی کو ملتوی کرکے مزید ضابطے کی کارروائی کے لئے رپورٹ پیش کردی گئی۔

مزید براں ڈیمالیشن اسکواڈ کی ٹیم نے کورنگی ایریا میں پلاٹ نمبر 231,سیکٹر 31- A کی پانچویں منزل کے آرسی سی چھت ،پلاٹ نمبر C -24 سیکٹر 31 -A مہران ٹان ایکسٹینشن پر دوسری منزل کی پارٹیشن دیواروں اور آرسی سی چھت سمیت مکمل تعمیرات اور پلاٹ نمبر R -546 سیکٹر C2 -31 , پر تیسری منزل کی تعمیرات کے حصے کو منہدم کردیا جبکہ پلاٹ نمبر R -411 , سیکٹر B -31 , پر پلان نقشہ منظوری کے بغیر غیر قانونی تعمیرات کو سربمہر کردیا گیا۔

علاہ ازیں لکھن سی ایچ ایس کورنگی میں پلاٹ نمبر D -218 ، سیکٹر E -31 پر گرانڈ اور پہلی منزل کی آرسی سی چھت، پلاٹ نمبر D -235 , سیکٹر E -31 , پر گرانڈ اور پہلی منزل کی پارٹیشن دیواروں جبکہ معزز عدالت کے ایک حکم کی تعمیل میں پلاٹ نمبر F -52 سیکٹر E -31 پر بیسمنٹ کی پارٹیشن دیواروں کو منہدم اور کالمز کے آہنی سلاخوں کو کاٹ کر علیحدہ کردیا جبکہ ایک اور ڈیمالیشن ٹیم کی جانب سے ڈسٹرکٹ ساتھ میں معزز عدالت کے ایک حکم کی تعمیل میں پلاٹ نمبر 37، LR -10 لارنس کوارٹرز پر گرانڈ فلور، پہلی اور دوسری منزل کی آرسی سی چھت کے حصے اور دیواروں کو منہدم کردیا گیا۔

مذکورہ بالا انہدامی کارروائی متعلقہ ڈپٹی و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ڈیمالیشن آفیسرز کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئی جبکہ اس دوران امن و امان کی صورتحال پر قابو رکھنے کے لئے ایس بی سی اے پولیس فورس اور مقامی پولیس کی نفری بھی ان کے ہمراہ وہاں موجود تھی۔