Live Updates

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کی سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد

ہفتہ 3 مئی 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نومنتخب صدر کاظم خان، سیکرٹری جنرل غلام نبی چانڈیو، سینئر نائب صدر ایاز خان اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل تنویر شوکت کو دلی مبارکباد دی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں عظمی بخاری نے کہا کہ سی پی این ای نے پرنٹ میڈیا کے حقوق کے تحفظ اور اظہار رائے کی آزادی کے لیے ہمیشہ مثالی جدوجہد کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اخباری صنعت میں سی پی این ای کا کردار نہایت اہم، کلیدی اور موثر رہا ہے۔انہوں نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت پرنٹ میڈیا انڈسٹری کی بہتری، ترقی اور استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جہاں ڈیجیٹل میڈیا اور انٹرنیٹ کا غلبہ ہے، وہاں بھی اخبار کی اہمیت اور افادیت برقرار ہے۔

(جاری ہے)

عظمی بخاری نے کہا کہ آج بھی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کو مستند، معتبر اور قابلِ اعتماد سمجھا جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اخباری صحافت کا معیار اور اثر انگیزی کسی بھی جدید پلیٹ فارم سے کم نہیں ،پنجاب حکومت پرنٹ میڈیا کے ساتھ بھرپور تعاون کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے تاکہ معلومات کی ترسیل میں شفافیت اور ذمہ داری کو فروغ دیا جا سکے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات