ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی

آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے؛ محکمہ موسمیات

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 مئی 2025 11:24

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی 2025ء ) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی کردی۔ پنجاب، خیبر پختونخوا سمیت مک کے بیشتر علاقوں میں آج بادل برسیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش برسنے کا امکان ہے، آج صوبہ خیبر پختونخواہ، خطہ پوٹھوہار، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوبی خیبر پختونخواہ، شمال مشرقی و وسطیٰ پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی، جھکڑ چلنے اور چند مقامات پر ژالہ باری، موسلادھار بارش بھی متوقع ہے جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا، گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ، جیکب آباد، سبی، موہنجوداڑو اور دادو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش بلوچستان کے علاقے بار کھان میں 12 ملی میٹر، لسبیلہ 11، پنجاب کے علاقے ملتان ایئرپورٹ 08 اور شہر میں 3 ملی میٹر، گوجرانوالہ میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی، خیبرپختونخواہ کے علاقے کاکول میں 5 ملی میٹر، بالاکوٹ میں ایک اور کشمیر کے علاقے گڑھی دوپٹہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔