Live Updates

پاکستان پر بھارت کے الزامات مودی حکومت کی ناکامی کی عکاسی کرتے ہیں،چینی سکالر

اتوار 4 مئی 2025 14:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2025ء) چارہار انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ریسرچ فیلوپرو چینگ ژیژونگ نے کہا ہے کہ بغیر کسی بنیاد کے بھارت کی طرف سے پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر لگانا واضح طور پر نریندر مودی انتظامیہ کی جانب سے اپنی حکمرانی کی ناکامی کی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے بیجنگ میں جاری ایک بیان میں کہا کہ حالیہ دنوں میں بھارت نے فائرنگ کے واقعے کو پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات میں شدید تنا ئوپیدا کرنے کے لیے استعمال کیا ہے جس کے بنیادی طور پر درج ذیل مقاصد ہیں۔

سب سے پہلے نریندر مودی اندونی بحران سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اب اندرونی طور پر بہت سے مسائل کا سامناہے جن میں اقتصادی بدحالی، بے روزگاری کی بلند شرح اور پرانا بنیادی ڈھانچہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ بیرونی تنازعات پیدا کر کے قوم پرستانہ جذبات کو بھڑکا سکتے ہیں، لوگوں کی توجہ اندرونی مسائل سے ہٹاکر بیرونی خطرات کی طرف مبذول کر اسکتے ہیں،اس طرح رائے عامہ اور اپنی حکومت کی سیاسی بنیاد کو مستحکم کرسکتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی بھارتی حکومت اس موقع کو اپنے آپ کو مضبوط ظاہرکرنے اور اپنی اندرونی حمایت کو بڑھانے کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔دوسری بات نریندر مودی چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کو روکنا چاہتے ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری'' دی بیلٹ اینڈ روڈمنصوبے'' کا اہم حصہ ہے۔بھارت سی پیک کو اپنی علاقائی بالادستی کے لیے ایک خطرے کے طور پر دیکھتا ہے اور اسے تشویش ہے کہ چین کا اثر و رسوخ پاکستان کے راستے جنوبی ایشیا تک پھیل سکتا ہے جس سے خطے میں اس کی پوزیشن متاثر ہو سکتی ہے۔

چینی سکالر نے کہا کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعات کوہوادے کر پاکستان کی قومی طاقت کمزور کرنا چاہتا ہے اور چین کے اسٹریٹجک ترتیب میں مداخلت کرنا چاہتاہے۔انہوں نے کہاکہ تیسرا سبب یہ ہے کہ بھارت نے حالیہ برسوں میں اپنی فوجی طاقت کو نمایاں طور پر بڑھایا ہے اور ایک بڑی مقدار میں جدید ہتھیار خریدے ہیں جن کی کارکردگی کواصل لڑائی کے ذریعے اور جنگ میں اس کے اثرات کو جانچنے کی ضرورت ہے۔اس کے علاوہ بھارت پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کرکے اور کشمیر میں پانی کے ذرائع کو کنٹرول کرکے جنوبی ایشیا میں طاقت کے ڈھانچے کو نئی شکل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات