کراچی والے کب تک ڈاکوؤں کے ہاتھوں اپنے پیاروں کے جنازے اٹھاتے رہیںگے،ایازمیمن

آئی جی سندھ ڈکیتوں کے خلاف کارروائی کریں ہم ساتھ دینگے،کراچی والے اسٹریٹ کرائمز، پانی اور بجلی بحران سے پریشان ہیں،چیئرمین آل کراچی تاجرالائنس

اتوار 4 مئی 2025 17:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)آل کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین اور عام آدمی پارٹی پاکستان کے بانی ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی مسلح ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کرناصوبائی حکومت کافرض ہے۔آئی جی سندھ سے اپیل ہے کہ وہ چوروں اور ڈکیتوں کے خلاف کارروائی کریں اور انہیں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائیں۔

کراچی کے مجبور شہری آخر کب تک ڈاکوؤں کے ہاتھوںاپنے پیاروں کے جنازے اٹھاتے رہینگے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈیفنس آفس سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ شہر کی عوام آگے ہی پانی بجلی کی عدم فراہمی کا شکارہے انہیں مزیدمت مارا جائے، لوگوں کی دن رات کی شکایات یہ بتاتی ہیں کہ اسٹریٹ کرائمز و مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں ابھی کمی نہیں آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی شرح میں کمی کب ہوگی لوگ آج بھی گھروں کی دہلیز پر لٹ رہے ڈاکو آزاد ہیں جنھوں نے عام شہریوں کا جینا حرام کررکھاہے گھر ہو گلیاں یا پھر سڑکیں کوئی بھی جگہ ڈاکوؤں سے محفوظ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر قائد کو اب لوگ غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں،سالوں سے مقیم کراچی والے اسٹریٹ کرائمز، پانی اور بجلی بحران سے پریشان ہیں یہ حکومت کی زمہ داری ہے کہ وہ انہیں تحفظ فراہم کریں اور ان کی بنیادی ضروریات کا خیال رکھیں۔