Live Updates

چائینہ سمیت غیرملکی سرمایہ کار خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل سے استفادہ اٹھائیں ،فیصل کنڈی

خیبرپختونخوا جغرافیائی حیثیت سے براستہ افغانستان وسط ایشیا ممالک تک تجارتی راہداری کے حوالے سے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، سی پیک سے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں انڈسٹریل انقلاب آئے گا، یہ منصوبہ پاک چائینہ دوستی کا عظیم منصوبہ ہے جسے ہم سب نے ملکر کامیاب بنانا ہے،گورنرخیبرپختونخوا

اتوار 4 مئی 2025 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا جغرافیائی حیثیت سے براستہ افغانستان وسط ایشیا ممالک تک تجارتی راہداری کے حوالے سے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، اسی طرح سی پیک کے ذریعے اس صوبہ میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع مزید بڑھ گئے ہیں،چائینہ سمیت غیرملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل سے استفادہ اٹھائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آل چائنا فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔سینیٹر فدا محمد اور ڈائریکٹر جنرل برائے میڈیکل اینڈ فارماسیوٹیکل حیدر آئی کین کی قیادت میں وفد میں ڈائریکٹر جنرل آف لاجسٹکس اینڈ ٹورازم فوزانگ ینگ سمیت دیگر تجارتی و کاروباری شخصیات شامل تھیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں خیبرپختونخوا میں صحت، توانائی،تعلیم، فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں سرمایہ کاری و تجارتی سرگرمیوں کے مزید مواقع تلاش کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کو ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری و تجارتی سرگرمیوں کیلئے خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ ماہ مائنز اینڈ منرلز کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے اوورسیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، اسی طرح خیبرپختونخوا میں قیمتی پتھروں کے حوالہ سے وسیع اور بہترین سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، خیبرپختونخوا میں دنیا کی بہترین ماربل، گرینائٹ،کے وسیع ذخائر موجود ہیں جبکہ توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ماضی اور موجودہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل پر سرمایہ کاروں کی توجہ اور دلچسپی درست معنوں میں مبذول نہیں کرسکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک سے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں انڈسٹریل انقلاب آئے گا، یہ منصوبہ پاک چائینہ دوستی کا عظیم منصوبہ ہے جسے ہم سب نے ملکر کامیاب بنانا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات