Live Updates

عالمی برادری پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت کو کشمیریوں پر مظالم ڈھانے سے روکے،علی رضا سید

پیر 5 مئی 2025 17:08

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت کی طرف سے مظلوم کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسزپہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر کشمیریوں کے گھروں پر بلاوجہ چھاپے ماررہی ہیں، بے گناہ نوجوانوں کو اغوا اور جعلی مقابلوں میں شہید کررہی ہیں جبکہ خواتین اوربچوں کو ہراساں اور بے گنالوگوں کو تشدد کا نشانہ بنارہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پہلگام کا واقعہ قابل مذمت ہے لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ اس واقعے کو بہانہ بنا کر بھارت بے گناہ اور مظلوم کشمیریوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنائے۔

(جاری ہے)

علی رضا سید نے کہا کہ گزشتہ بارہ دنوں کے دوران سرینگر، پلوامہ ، شوپیاں اوردیگر علاقوں میں درجنوں گھروں پر چھاپے مارے گئے، بے گناہ شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، چادر و چاردیواری کی حرمت کو پامال کیا گیا اور خواتین اور بچوں کو ہراساں کیاگیا۔

یہ اقدامات انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور ان اقدامات کے ذریعے بھارت کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کچلنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی قوانین اور کسی بھی مہذب معاشرے کے اصول کسی حکومت کو عوام کے خلاف اس طرح کے جارحانہ اور پرتشدد اقدامات کی اجازت نہیں دیتے۔انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم کا فوری نوٹس لیں اور بھارت کو انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے پر مجبور کریں۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا بین الاقوامی تنظیموں، انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی علمبردار عالمی طاقتوں کی ذمہ داری ہے اور عالمی برادری کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنے چاہیے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات