Live Updates

بھارت کی عدم استحکام کی کوششوں کے مقابلے میں پاکستان کا موقف حقیقت پسندانہ ہے ، محمود ساغر

بھارتی قابض فورسز کشمیریوں کے گھروں پر چھاپے ماررہی ہیں، بلاجواز گرفتاریاں اور مکانات کو مسمارکررہی ہیں

پیر 5 مئی 2025 17:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء) جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغرنے پاکستان کو بدنام کرنے اور کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو نقصان پہنچا نے کے لئے بھارتی کوششوں ، اس کے مذموم عزائم اورجارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اس سلسلے میں پاکستان کے حقیقت پسندانہ موقف کو سراہا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے ایک بیان میں افسوس کا اظہارکیا کہ بھارت ایک طرف پہلگام واقعے کو پاکستان کے خلاف جنگی بیانیہ بنانے کے لیے استعمال کر رہا ہے، جبکہ دوسری طرف کشمیری عوام پر ریاستی جبر میں اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی قابض فورسز کشمیریوں کے گھروں پر چھاپے ماررہی ہیں، بلاجواز گرفتاریاں اور مکانات کو مسمارکررہی ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے پاکستان کی حکومت اور ریاستی اداروں کی جانب سے زیادہ سے زیادہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور حقیقت پسندانہ موقف اپنانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا،جس سے بھارت کی عدم استحکام کی کوششوں کو ناکام بنانے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ، غیر معقول اور بلاجواز ہے۔انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ طور پر معطل کرنے اور پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کرنے جیسے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب بھارت کی انتہا پسندانہ اور فسطائی ذہنیت کا مظہر ہے جو خطے کے امن کے لیے خطرناک ہے۔حریت رہنما نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرانے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے اپنا کردار اداکرے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جاری کشیدگی اگر فوری طور پر کم نہ کی گئی تو یہ علاقائی تنازعے میں تبدیل ہو سکتی ہے۔انہوں نے کشمیر کو تمام مسائل کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس دیرینہ مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو یہ کسی بھی وقت خطرناک صورت اختیار کر سکتا ہے اور ایٹمی تصادم کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی تناظر میں حل نہیں کیا جاتا، خطے میں خونریزی اور تشدد کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محمود ساغر نے کہاکہ پہلگام جیسے واقعات اس وقت تک پیش آتے رہیں گے جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پر الزام تراشی اور کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے سے زمینی حقائق کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ حریت رہنما نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اس دیرینہ تنازعے کو حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے جو خطے میں بدامنی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سب سے بڑا سبب ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات