Live Updates

اشرف صحرائی کو چوتھے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت

پہلگام ڈرامے کے بعد پانچواں کشمیری نوجوان ماورائے عدالت قتل

پیر 5 مئی 2025 22:38

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے سینئر مزاحمتی رہنما محمد اشرف صحرائی کو ان کے چوتھے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیںتحریک مزاحمت کی علامت قرار دیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی قبضے کے خلاف اشرف صحرائی کے غیرمتزلزل موقف اور حق خودارادیت کیلئے انکی زندگی بھر کی جدوجہد نے انہیں قربانی اور مزاحمت کی علامت بنا دیا۔

بیان میں ہندوتوا پر مبنی بھارتی پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے محمد اشرف صحرائی کی دوران حراست موت کا ذمہ دار بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت اور مقبوضہ کشمیر میں اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کو قراردیا گیا۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میںسول سوسائٹی کے اراکین اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما ئوں نے بھی محمد اشرف صحرائی اور ان کے شہید بیٹے جنید صحرائی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے کشمیریوں میں جذبہ حریت کو زندہ کیا۔

حریت ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ علاقائی امن و استحکام کو درپیش خطرات سے بچا جاسکے۔بھارتی فورسز نے ظلم وبربریت کی ایک اور کارروائی کے دوران ضلع کولگام میں ایک 23سالہ کشمیری نوجوان امتیاز احمد ماگرے کو دوران حراست شہید کر دیا جو 22اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد اس طرح کی پانچویں شہادت ہے۔

امتیاز ماگرے کو مزگام کولگام میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا اور بعد میں اس کی تشدد زدہ لاش ایک نالے سے برآمد ہوئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ نوجوان کو دوران حراست شہید کیاگیاہے۔محبوبہ مفتی، آغا روح اللہ مہدی، سکینہ ایتو اور محمد یوسف تاریگامی سمیت مقبوضہ جموں وکشمیر کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے امتیاز ماگرے کے دوران حراست قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد کشمیریوں کو اجتماعی سزا کا نشانہ نہ بنایا جائے۔سیاسی رہنمائوں نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دوران حراست قتل اور بلاجواز گرفتاریاں جمہوری اصولوں کے منافی ہیں۔بھارتی حکام نے پہلگام واقعے کے بعدکشمیریوں کو اجتماعی سزا دینے کیلئے وادی کشمیر میں تقریبا تین درجن مکانات مسمار کر دیے ہیں۔ مودی کی مکانات مسمار کرنے پالیسی کے تحت رائے شماری کا مطالبہ یاسوشل میڈیا پر تنقیدی مواد پوسٹ کرنے والے کشمیریوں کے گھر مسمارکئے جارہے ہیں۔ متاثرین اور مبصرین ان کارروائیوں کو ریاستی دہشت گردی قراردے رہے ہیں جس کا مقصد اختلاف رائے کو دبانا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات