Live Updates

لله* صوبے کی زراعت، تعلیم، معیشت اور قومی سلامتی کے حوالے سے حکومت عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، سرفراز بگٹی

پیر 5 مئی 2025 21:50

ں*سوئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پیر کو یہاں سوئی، کشمور روڈ منصوبے کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متعدد اہم ترقیاتی اور قومی نوعیت کے اعلانات کئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کی زراعت، تعلیم، معیشت اور قومی سلامتی کے حوالے سے حکومت عملی اقدامات اٹھا رہی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچھی کینال کی بحالی کا وعدہ پورا ہوچکا ہے جبکہ فیز 2 اور 3 بھی جلد پایہ تکمیل کو پہنچیں گے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نہ صرف ڈیرہ بگٹی بلکہ بلوچستان کی دیگر پنجر زمینیں بھی آباد ہوں گی اور صحرا لہلہاتے کھیتوں میں بدل جائیں گے انہوں نے اعلان کیا کہ میر غلام قادر بگٹی یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر کا منصوبہ بھی جلد شروع ہونے جا رہا ہے میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد کا آغاز ہو رہا ہے ترجیحی بنیادوں پر ریٹائرڈ مزدوروں کے بچوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی جبکہ معاہدے پر مکمل عمل درآمد کے لیے کوئٹہ میں مذاکرات کا نیا دور جلد متوقع ہے انہوں نے کہا کہ پی پی ایل کی معاونت سے سوئی ٹاؤن میں پانچ ارب روپے مالیت کے عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے جائیں گے، جن کے لیے فنڈز حکومت بلوچستان اور پی پی ایل مساوی طور پر فراہم کریں گے ان منصوبوں میں سڑکوں کی تعمیر، گلیوں کی پختگی اور سولر سسٹمز کی تنصیب شامل ہوگی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے کیے اور آئندہ بھی کریں گے انہوں نے سوشل میڈیا پر ملک اور ریاست کے خلاف جاری منفی پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے معاشرے میں نہتے افراد اور خواتین کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے تاہم ریاست کے خلاف کسی بھی سازش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ''جس نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا، اس کی آنکھیں نکال دیں گے۔'' انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمے دار ریاست ہے جو جنگ کی خواہش نہیں رکھتی لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان کی سپہ ہر سطح پر جواب دینے کے لیے تیار ہیں بگٹی قبیلے کا ہر بچہ ملک کی سالمیت اور دفاع کے لیے میدان میں اترے گا وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پاکستان کے بارڈر سے دو سو کلومیٹر دور ہونے والے واقعے کو بھارت اپنے مذموم مقاصد کے لیے پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان 27 رمضان المبارک کو وجود میں آیا اور اس ملک کا قیام اللہ تعالیٰ کی رضا سے ممکن ہوا جب تک پاکستان ہے، ہم سب ہیں پاکستان کی سالمیت عزیز ہے جب تک سرفراز بگٹی زندہ ہے پاکستان کے خلاف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات