سندھ کے سینئر وزیرسے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اعلی سطح کے 7 رکنی وفد کی ملاقات

نگران حکومت کے دوران نو ماہ تک کام رکا رہا، جس سے منصوبے کے کام متاثر ہواہے،شرجیل میمن

منگل 6 مئی 2025 17:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ایک اعلی سطح کے 7 رکنی وفدنے ملاقات کی ۔ملاقات میں ریڈ لائن بی آرٹی منصوبے کی موجودہ صورتحال، تکنیکی رکاوٹوں اور کنسلٹنٹس کی کارکردگی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پرسینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وفد کو منصوبے میں درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں فریقین نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کو وقت پراور کامیابی سے مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔شرجیل انعام میمن نے کہاکہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ شہری آبادی والے گنجان علاقے سے گزر رہا ہے، جہاں یوٹیلٹیز کی منتقلی ایک بڑا مسئلہ ہے۔یہ منصوبہ ہمارے لیے نہایت اہم ہے، اس کے راستے میں پانچ بڑی جامعات واقع ہیں، جو لاکھوں شہریوں کو فائدہ پہنچائے گا۔انہوں نے کہاکہ نگران حکومت کے دوران نو ماہ تک کام رکا رہا، جس سے منصوبے کے کام متاثر ہواہے۔شرجیل انعام میمن نے کہاکہ پنک بس سروس جیسے کامیاب منصوبوں کا مقصد شہریوں کے لیے سفری سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔