سندھ ہائیکورٹ ،ملزم عبید کے ٹو کی رینجرز اہلکار کے قتل کیس میں سزا کے خلاف اپیل پراسپیشل پراسیکیوٹر رینجرز کو نوٹس جاری، سماعت 29 مئی تک ملتوی

منگل 6 مئی 2025 17:51

․کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے نائن زیرو سے گرفتار ملزم عبید کے ٹو کی رینجرز اہلکار کے قتل کیس میں سزا کے خلاف اپیل پراسپیشل پراسیکیوٹر رینجرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 29 مئی تک ملتوی کردی۔سندھ ہائیکورٹ میںنائن زیرو سے گرفتار ملزم عبید کے ٹو کی رینجرز اہلکار کے قتل کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر رینجرز کو نوٹس جاری کردیئے،عدالت نے درخواست کی سماعت 29 مئی تک ملتوی کردی ۔وکیل درخواست گزار نے کہاکہ عبید کے ٹو کو 1998 کے مقدمے میں غیر موجودگی میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔اس دوران عدالت نے ریماکس دیئے کہملزم نے ہمارے جوانوں پر فائرنگ کرکے قتل کردیا،آپ کہہ رہے ہیں چھوڑ دیں۔

(جاری ہے)

خطرناک ملزم ہے ،جیل میں رہے تو اچھا ہے۔

جسٹس عمر سیال نے کہاکہ اس ملزم کے لئے فائرنگ کرنا تو عام سی بات ہے۔وکیل ملزم نے کہاکہ ملزم دیگر مقدمات سے بری ہوچکا یے،صرف ایک کیس میں جیل میں ہے۔عدالت نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر ملزم دیگر مقدمات میں بری ہوچکا ہے تو اس کیس میں بھی بری کردیں ،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ہماری اپیل پر عدالت عالیہ نے مقدمے کے دوبارہ ٹرائل کا حکم دیا۔

دوبارہ ٹرائل میں بھی عدالت نے عبید کے ٹو کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔وکیل درخواست گزار نے کہاکہ دوبارہ ٹرائل انسداد دہشتگردی کی جن دفعات کے تحت ہوا وہ مقدمے کے اندراج کے بعد نافذ ہوئیں۔مقدمے کا اندراج 1998 میں ہوا جبکہ انسداد دہشتگردی ترمیمی ایکٹ 2001 میں نافذ ہوا۔عبید کے ٹو کی گرفتاری 2015 میں نائن زیرو سے کی گئی لیکن مقدمے میں گرفتاری بعد میں ظاہر کی گئی ہے۔ملزم کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 382 کا فائدہ تاریخ گرفتاری سے دیا جائے بعدازاں عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر رینجرز کو نوٹس جاری کردیئے،عدالت نے درخواست کی سماعت 29 مئی تک ملتوی کردی