وزیراعلیٰ پنجاب کا ’’محفوظ پنجاب‘‘ویژن

پنجاب کے مختلف شہروں میں سمارٹ سیف سٹیز کے قیام کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے

منگل 6 مئی 2025 19:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت سمارٹ سیف سٹیز منصوبوں سے پولیس کارروائیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی فوری ٹریسنگ اور ملزمان کی بروقت گرفتاری ممکن ہو رہی ہے۔حالیہ دنوں میں پنجاب کے مختلف شہروں میں پیش آنے والے متعدد واقعات میں سمارٹ سیف سٹیز سسٹم نے اہم کردار ادا کیا۔

سیالکوٹ میں اسلحے کے زور پر موبائل چھیننے کا واقعہ پیش آیا، جسے سیف سٹی کی ٹیم نے محض پانچ منٹ میں ٹریس کر کے ملزمان کی شناخت کر لی۔ گوجرانوالہ میں موبائل اسنیچنگ کا ایک کیس رپورٹ ہوا جسے سات منٹ میں ٹریس کر لیا گیا، کیمروں کی مدد سے ملزمان کی فوری نشاندہی ممکن ہوئی اور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ میں ہی ایک دکان میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی جسے سیف سٹی ٹیم نے دس منٹ میں ٹریس کیا اور تمام شواہد متعلقہ پولیس کو فراہم کیے گئے۔

گوجرانوالہ میں ایک اور ڈکیتی کیس میں سیف سٹی نے ملزمان کی صرف تیس منٹ میں شناخت کر لی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتاریاں عمل میں لائیں۔ اوکاڑہ میں ایک گھر پر ڈکیتی کے واقعے میں سیف سٹی سسٹم کے تحت بیک ٹریکنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ملزمان کو اگلے ہی روز گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح لاہور سے شہری کا قیمتی موبائل چوری ہوا، جسے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے چند گھنٹوں میں ٹریس کیا گیا اور چور کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سمارٹ سیف سٹیز کے قیام سے شہریوں کو ایمرجنسی کی صورت میں فوری مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، اور کیمرہ نیٹ ورک کے باعث جرائم پر قابو پانے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 15 ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔