Live Updates

وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت یونیورسٹی آف ہری پور میں خواتین باکسنگ ٹرائلز کا انعقاد

منگل 6 مئی 2025 21:55

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) وزیر اعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ہری پور سپورٹس کمپلیکس کے ملٹی پل ہال میں خواتین باکسنگ کے ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ٹرائلز ہری پور ریجن کے لیے منعقد کیے گئے۔ٹرائلز میں ضلع ہری پور سے تعلق رکھنی والی درجنوں نوجوان خواتین باکسرز نے بھرپور شرکت کی۔ ایونٹ کا اہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن اور باچا خان یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا گیا۔

ٹرائلز کی نگرانی باچا خان یونیورسٹی کی ڈائریکٹر سپورٹس شبانہ خٹک نے کی۔تقریب کی مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ جدون تھیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوان لڑکیوں کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کے اظہار کا سنہری موقع فراہم کر رہا ہے، جو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شائستہ جدون نے خواتین کی باکسنگ جیسے سخت اور چیلنجنگ کھیل میں بھرپور شرکت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ ہماری نئی نسل کی ہمت، محنت اور جذبے کی عکاسی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وفاقی وزیر امیر مقام اور بالخصوص ہائر ایجوکیشن کمیشن کو خراجِ تحسین پیش کیاجن کی مشترکہ کاوشوں سے ملک بھر میں نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر اور کھیلوں کے شعبوں میں شاندار مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد پاکستان بھر میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانا اور انہیں ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ سکل ڈویلپمنٹ، انٹرن شپ سکیم، یوتھ قرض سکیم اور ڈیجیٹل لیپ ٹاپ سکیم جیسے اہم منصوبے بھی جاری ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات