Live Updates

مقبوضہ کشمیر، چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 2800کشمیری گرفتار

منگل 6 مئی 2025 21:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے پہلگام واقعے کے بعد سے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈائون آپریشنز اور گھروں پر چھاپوں کے دوران 28سوسے زائد کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکرلیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس کشمیرنے میڈیا کو بتایا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مختلف حصوں سے 28سوسے زائدکشمیریوں کو گرفتار اور90کشمیریوں پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

سرینگر کے مختلف علاقوں اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھارتی فورسز کے اہلکار غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت گھروں میں گھس کر اہم دستاویزات، موبائل اور لیپ ٹاپس سمیت ڈیجیٹل آلات ضبط کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گھریلوں سامان کو نقصان پہنچانے کے علاوہ فوجی اہلکار لوٹ مار بھی کررہے ہیں۔

بھارتی فوجیوں نے حالیہ دنوں میں سرینگر کے علاقے سوزیتھ میں بشیر احمد بٹ ،گوری پورہ سوزیتھ میں توحید احمد،سوتینگ میں عاشق بشیر نجار،سالک مہراج ڈاراورعمر عادل ڈار کوگرفتارکیا۔پاریم پورہ سے بلال احمد میر ،کاٹھی دروازہ رعناواری سے برہان نذیر ،پنجنارا سے عاشق ملک ،ہمدانیہ کالونی سے اشفاق احمد وانی، ملک پورہ برتھانہ سے مدثر احمد میر،بلال کالونی قمر واڑی سے عرفان احمد لون، نواکدل سے عرفان احمد سیرواورحضرت بل سے نصیر احمد میر کو گرفتار کیا۔

ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے چھاپوں اور گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے اپنی ٹیمیں مقبوضہ کشمیر بھیجے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے کشمیریوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات