Live Updates

عمران خان سے ملاقات کا دن، روکنے پر پی ٹی آئی کارکنوں کی پولیس حصار توڑنے کی کوشش، شدید دھکم پیل،پولیس کی اضافی نفری طلب

منگل 6 مئی 2025 20:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے دن روکنے پر پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس حصار توڑنے کی کوشش کی ، شدید دھکم پیل پر پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق منگل کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دن اڈیالہ جیل جانے والے راستوں پر پولیس نے ناکے لگا دئیے، گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد آگے جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔

ملاقات کے لیے بشری بی بی کی بیٹی مبشرہ شیخ، بھابھی مہر النسا ، سینیٹر علی ظفر اور ایڈووکیٹ نعیم حیدر پنجھوتہ اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ گئے۔ترجمان بانی پی ٹی آئی نیازاللہ نیازی کو پولیس نے داہگل ناکے پر روک لیا، ان کی بہنوں علیمہ خان، نورین نیازی، عظمی خانم اور کزن قاسم خان کو بھی گورکھپور ناکے پر روک دیا گیا۔

(جاری ہے)

بانی پی آئی کے وکیل سلمان صفدر کو بھی پولیس نے گورکھ پور ناکے پر روک لیا۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے مرکزی شاہراہ کو بند کردیا اور نعرے بازی کی جس سے اڈیالہ روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا اہو شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔گورکھ پور ناکے پر پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس حصار توڑنے کی کوشش کی، کارکنوں اور پولیس کے درمیان شدید دھکم پیل ہوئی۔پولیس اہلکاروں نے کارکنوں کو جیل کی جانب جانے سے روک دیا، علیمہ خان نے کارکنوں کو حکم دیاکہ ہم پیدل جیل تک جائیں گے۔ پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گی، علیمہ خان اور فیملی کے دیگر افراد بھی دھکم پیل کا شکار ہوئے۔بعد ازاں بانی پی ٹی آئی کی 2بہنوں اور کزن قاسم خان کو ملاقات کی اجازت دے دی گئی تاہم علیمہ خان کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات