Live Updates

بھارت کا رات کے اندھیرے میں شہری آبادی پر حملہ بزدلانہ اور شرمناک فعل ہے،صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ

بدھ 7 مئی 2025 08:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے بھارتی جارحیت اور پاک فوج کے موثر جواب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا رات کے اندھیرے میں شہری آبادی پر حملہ بزدلانہ اور شرمناک فعل ہے،مظفرآباد، کوٹلی اور بہاولپور پر حملے ناقابل معافی جرم ہے ، پہل بھارت نے کی اختتام پاکستان کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دشمن کے اس بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دے رہی ہیں، پاکستانی قوم اور بزنس کمیونٹی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دفاع وطن کیلئے ہم اپنے کاروبار اور جانیں پاکستان اور مسلح افواج پر نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ دشمن نے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا، ہمارا جواب اسے صدیوں یاد رہے گا،بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے ،بھارتی حکومت نے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے جنگ کا سہارا لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ برداشت نہیں، ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا ،پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت کو اس جارحیت کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی ،پاکستان کا بچہ بچہ اس امتحان میں سرخرو ہوگا اور انشااللہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے فتح یاب ہوگا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات