Live Updates

پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ،وفاقی وزیر احسن اقبال

بدھ 7 مئی 2025 09:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف حالیہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ایک سنگین اشتعال انگیزی ہے جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ معصوم شہریوں، جن میں خواتین اور ایک معصوم بچہ بھی شامل ہیں، کا بہیمانہ قتل ایک ناقابل معافی جرم ہے۔ اس ظلم و بربریت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنے عوام اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے فیصلہ کن اقدام کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ ہم کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں۔وفاقی وزیر نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور امن کے عالمی علمبرداروں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے اس غیر قانونی اقدام کا نوٹس لیں اور جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات