بھارت کی ہٹ دھرمی نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا‘ سردار رمیش سنگھ اروڑہ

رات کی تاریکی میں سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے‘وزیر اقلیتی امور پنجاب

بدھ 7 مئی 2025 17:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں بین المذاھب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ ڈائیلاگ میں شرکت کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا ہے ،جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

بھارتی جارحیت سے علاقائی اور عالمی امن کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ پاکستان امن کا داعی ہے، مگر امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پہلگام واقعہ کی مذمت بھی کی اور تحقیقات کی پیشکش بھی، مگر بھارت کی ہٹ دھرمی نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہبِ کے ماننے والوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی پہلی تقریر میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا وعدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اقلیتی برادری کی مالی معاونت کے لیے مینارٹی کارڈ کا اجراء کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب، اقلیتی برادری کے ہر مذہبی تہوار میں شریک ہوتی ہیں۔ پاکستان نے سکھ یاتریوں پر کوئی پابندی نہیں لگائی جو ملک میں بین المذاھب ہم آہنگی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہبِ کے لوگ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔ کرتار پور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی روشن مثال ہے، دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری یہاں آتے ہیں۔ بین المذاھب ہم آہنگی سے ہی امن، خوشحالی اور ترقی ممکن ہے۔ دیگر شرکاء نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سب اقلیتیں آزاد ہیں۔ مذہبی راوادی نے ملک میں بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کو شیلڈ پیش کی گئی۔