ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کا منیر شہید کالونی میں میونسپل پبلک لائبریری لیڈی پارک اور اندرون کوٹ بدردین شہر کا اچانک دورہ

بدھ 7 مئی 2025 17:47

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ستھرا پنجاب ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی نے منیر شہید کالونی میں واقع میونسپل پبلک لائبریری لیڈی پارک اور اندرون کوٹ بدردین شہر کا اچانک دورہ‘اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سعد بن شبیر، میونسپل کمیٹی قصور اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران سمیت دیگر عملہ بھی ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نیعوام کی سیروتفریح کیلئے پارک کی بحالی، سہولیات کی دستیابی، شجر کاری اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ پارک کو نئے سرے سے آباد کرنے کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ ڈی سی عمران علی کاکہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے’’ستھرا پنجاب‘‘پروگرام کے تحت پارکوں کی بحالی اور تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے او راسی سلسلہ میں پارک کی از سر نو تزئین و آرائش کا کام کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

پارکوں میں سیروتفریح کیلئے سہولیات اور بالخصوص بچوں کیلئے جھولے وغیر ہ بھی لگائے گئے ہیں جبکہ نوجوانوں کی واک اور رننگ کے لیے نیا جو گنگ ٹریک تیار کیے گئے ہیں اُنکی روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کی جائے۔ پارک میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ یہاں آنیوالے شہریوں کو صاف ستھرائے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

عوام الناس کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام پارکس کی صفائی ستھرائی اور گھاس، پودوں کی کانٹ چھانٹ بروقت یقینی بنائی جائے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے اندرون کوٹ بدردین شہر کی گلیوںنکے وزٹ کے دوران وہاں صفائی ستھرائی،تجاوزات، نکاسی آب، میونسپل ودیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیم کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھانے اور گلی محلوںکے تمام حصوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی جگہ گندے پانی کے ٹھہرائو کی اجازت نہ دی جائے اور نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل فعال رکھے جائیں۔ڈپٹی کمشنر عمران علی نے متعلقہ اداروں کو خصوصی تاکید کی کہ صفائی اور دیگر سہولیات کی بہتری کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کارپوریشن کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔