Live Updates

دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرانا ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت ،جرات کا منہ بولتا ثبوت ہے‘مریم اورنگزیب

بدھ 7 مئی 2025 20:32

دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرانا ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت ،جرات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے دشمن کی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دے کر وطنِ عزیز کا سر فخر سے بلند کر دیا۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھارت کے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں معصوم شہریوں، مساجد، اور نیلم جہلم جیسے اہم آبی منصوبوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے ردعمل میں ہماری افواج نے بے مثال طاقت، مہارت اور بہادری کے ساتھ کارروائی کی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرانا ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کارروائی نے بھارت کو یہ دوٹوک پیغام دے دیا کہ پاکستان کی سرحدی سالمیت ایک سرخ لکیر ہے، جسے عبور کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن یہ امن ہماری کمزوری نہیں۔

اگر دشمن نے وار کیا تو جواب دوگنا اور بھرپور دیا جائے گا۔ ہماری افواج فولاد سے بنی وہ دیوار ہیں جو دشمن کے ہر وار کو ناکام بنائیں گی۔ ان کی شجاعت، قربانی، اور وطن کی خودمختاری کے لیے غیر متزلزل عزم ہر پاکستانی کے دل کو فخر سے بھر دیتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پوری قوم اپنی ان دلیر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،پاکستان زندہ باد!
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات