Live Updates

۵پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا،فیصل آباد چیمبر

بدھ 7 مئی 2025 19:30

/ فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2025ء) پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور ملک کے عوام دفاع وطن کیلئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنی حکومت اور مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے آج بھارتی جارحیت کی مذمت کیلئے ایک واک سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور خاص طور پر پاک فضائیہ نے جس طرح دشمن کو دندان شکن جواب دیا ہے وہ آئندہ پاکستان پر میلی آنکھ ڈالنے سے قبل سو بار سوچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے عوام کی طرح فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی بھی مسلح افواج کی بہادری، جرأت اور جوانمردی کو سراہتی ہے اور ہم ہمیشہ اپنی آرمی، نیوی اور ائیر فورس کے ساتھ کھڑے رہیں گے تاکہ کسی کو پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کی خلاف ورزی کی جرأت نہ ہو سکے ۔ انہوںنے پاکستان کی مسلح افواج کے حق میں پرجوش نعرے بھی لگائے ۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا ، ممبران اور چیمبر کا سٹاف بھی موجود تھا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات