مہاجرین جموں و کشمیر سمیت پوری ریاستی عوام اور پاکستانی قوم اس وقت اپنے دفاع وطن کے لیے متحد ہے،عثمان ظفر کاشمیری ایڈووکیٹ

جمعرات 8 مئی 2025 15:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)اُمیدوار قانون ساز اسمبلی ایل اے 42 ویلی 03 عثمان ظفر کاشمیری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ انہوں مزید کہا کہ مہاجرین جموں و کشمیر سمیت پوری ریاستی عوام اور پاکستانی قوم اس وقت اپنے دفاع وطن کے لیے متحد ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ دشمن کے تمام ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانے کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی، اور ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔

عثمان ظفر کاشمیری ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ رات ہندوستان کی جانب سے آزاد کشمیر اور پاکستان کے شہری علاقوں میں عام شہریوں پر کیے جانے والے میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور پاک فوج کی جانب سے بھرپور دفاع کیے جانے اور ہندوستانی طیارے مار گرائے جانے پر پاک فوج اور پاک فضائیہ کے آفیسرز اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہندوستانی حملوں کا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان اور آزاد کشمیر پر جارحیت مسلط کرنے کی جو نیت اور پلاننگ رکھتا تھا اس میں گزشتہ رات پاک فوج اور فضائیہ کی بھرپور جوابی کارروائی میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے اور دنیا کے سامنے اس کی طاقت کا بھرم بھی ختم ہو چکا ہے۔عثمان ظفر کاشمیری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ اگرچہ ہندوستانی حکام اپنی عوام کو تاحال جھوٹ بول کر گمراہ کرنے کی کوشش میں ہیں مگر وہ بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

ہندوستان اگر یہ سمجھتا ہے کہ وہ مختلف جھوٹے الزامات اور پراپگنڈا کا سہارا لیکر تحریک آزادی کشمیر کو ثبوتاژ کرنے اور کشمیریوں کو دبانے میں کامیاب ہو جائے گا تو یہ کبھی نہیں ہوگا۔ کشمیری قوم ایک غیرت مند قوم ہے اور اپنی شاندار تاریخ اور تہذیب و ثقافت رکھتی ہے، جو کبھی بھی کسی ظالم و جابر کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرے گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں ہندوستانی حملے میں نہتے اور بے گناہ کشمیری اور پاکستانی شہریوں کی شہادت اور زخمی ہونے نیز شہری املاک کو نقصان پہنچنے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا نیز ان کے لیے دعا کی ہے۔