جامعہ کراچی میں بھارتی جارحیت اورافواج پاکستان کوخراج تحسین پیش کرنے کے لئے ریلی

جمعرات 8 مئی 2025 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) جامعہ کراچی میں بھارتی جارحیت اورافواج پاکستان کی دفاعی کار روائی پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کی جس میں اساتذہ، طلبا و طالبات اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کا آغاز جامعہ کی انتظامی عمارت سے ہوا اور آزادی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں شریک افراد نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے جارحانہ عزائم، بزدلانہ حملوں کی مذمت، ہم افواج پاکستان کے شابشانہ کھڑے ہیں،پاکستانی قوم متحد اور ہمہ وقت تیارہے، ’’پاکستان زندہ باد‘‘،’’بھارت مردہ باد‘‘،بھارت بازآؤ اور پاک فوج زندہ باد جیسے نعرے درج تھے اور دوران ریلی گونجتے رہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلرجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا رویہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ بن چکا ہے۔

پاکستان ایک پرامن ملک ہے اورخطے میں امن واستحکام کا خواہاں ہے،لیکن اگرملکی خودمختاری اورعوام کی جان کو خطرہ لاحق ہو تو اس کا منہ توڑجواب دینا بخوبی جانتا ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ پاک فوج نے بھارتی حملے کا ذمہ دارانہ اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے فوجی اہداف اور بھارتی طیاروں کو نشانہ بنا کر بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملا دیا ہے اورقوم کے مورال کو بلند اور جذبے کو مزید پروان چڑھایا۔کامیابیاں مہنگے تیاروں سے نہیں بلکہ پیشہ ورانہ مہارت سے ملتی ہے اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی دنیامعترف جس کا وہ وقتاً فوقتاً عملی مظاہر کرتے رہتے ہیں۔