مخیر حضرات دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کے علاج اور ادویات کی فراہمی میں تعاون کریں، محمد حمید خان

جمعرات 8 مئی 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) الاقصیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی صدر محمد حمید خان نے کہا ہے کہ مخیر حضرات دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کے علاج اور ادویات کی فراہمی میں تعاون کریں تاکہ ان غریب اور نادار لوگوں کی مدد کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب( این پی سی) کے صدر اظہر جتوئی سمیت تمام ڈونرز کا شکر گزار ہوں جو اس نیک کام میں تعاون کر رہے ہیں اور ان کے تعاون کی وجہ سے ہی خدمت کا یہ سلسلہ جاری ہے۔

وہ جمعرات کو تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہونے والی خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کے والدین جن میں باغ آزاد کشمیر سےعبدالقیوم ، اٹک سےقاری سلیم، پلندری آزاد کشمیر سے جمیلہ اختر و دیگر شامل تھے، نے کہا کہ حمید خان کے شکر گزار ہیں کہ وہ تھیلیسیمیا کا شکار غریب بچوں کی خدمت کر رہے ہیں، انہوں نے اپنی زندگی کے دن رات ان کے لئے وقف کر رکھے ہیں،محمد حمید خان بے سہارا لوگوں کا سہارا بنے ہوئے ہیں، وہ بلا تکلف خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ،قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جس نے کسی ایک جان کو بچایا تو گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر والدین نے کہا کہ جس کے بچے تھیلیسیمیا کے مسائل کی وجہ سے تڑپتے ہیں ان کا درد وہی سمجھ سکتے ہیں جو اس کیفیت سے گزر چکے ہوں۔ حمید خان ایسے لوگوں کیلئے اللہ کا تحفہ ہیں جو خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ، حکومت تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کیلئے تھیلیسیمیا سنٹر قائم کرے تاکہ غریب لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ معروف انٹرنیشنل ہسپتا ل کی نمائندہ روبینہ اختر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بچوں اور بڑوں میں بیماریوں سے متعلق آگاہی پیدا کرتے ہی۔

تھیلیسیمیا پیدائشی بیماری ہے ڈونرز سے التماس ہے کہ اس میں دل کھول کر عطیات دیں تاکہ اس بیماری کے شکار بچوں کی تکلیف سے بچایا جا سکے۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک نجات ملک محمد فاروق نے کہا کہ تھیلیسیمیا ایک موت ہے ،حکومت اس کیلئے سنٹر بنائے، حمید خان اللہ کی طرف سے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کیلئے خاص تحفہ ہیں، اس طرح کے چند لوگ ہوتے ہیں جو خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، حمید خان اور ان کی ٹیم مبارکباد کے مستحق ہیں۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدراظہر جتوئی نے کہا کہ حمید خان کا شکر گزار ہوں کہ وہ تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کی خدمت کر رہے ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے، یہ مرض دنیا میں بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تھیلیسیمیا کے ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ نئی نسل کو اس مرض سے بچایا جا سکے۔ تقریب کے آخر میں بچوں میں نقد عطیات بھی تقسیم کئے گئے۔