Live Updates

دنیا بھر میں ٹماٹر کی اوسط پیداوار 10ٹن جبکہ پاکستان میں 4ٹن فی ایکڑ ہے

جمعہ 9 مئی 2025 12:32

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)دنیا بھر میں ٹماٹر کی اوسط پیداوار 10ٹن جبکہ پاکستان میں 4ٹن فی ایکڑ ہے لیکن اس کے باوجود پنجاب میں ٹماٹر کی وافر اور سستے نرخوں پر دستیابی کے باعث اسے محفوظ بنا کر 6ماہ تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے بتایاکہ پنجاب میں اپریل سے جون تک ٹماٹر وافر مقدار میں پیدا ہوتا ہے جو پورے ملک کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی پیسٹ بنا کر اسے محفوظ بنایا جا سکتا ہے اسی طرح ٹماٹر کو فریز کرکے بھی مستقبل میں استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم فریز کیا گیا ٹماٹر فریزر سے باہر نکال کر فوری طور پر استعمال کر لینا چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کو محفوظ بنانا بہت آسان ہے جس کیلئے گھریلو خواتین تھوڑی سی محنت سے ٹماٹر گھر میں پیسٹ اور چٹنی کی شکل میں محفو ظ رکھ سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹماٹر اپنی بھرپور غذائیت کی وجہ سے سبزیوں میں اہم مقام رکھتا ہے جس میں حیاتین اے اور سی، ریبوفلیون، تھایامین، تایاسین اور معدنی نمکیات، لوہا، چونا، فاسفورس وغیرہ کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں جو صحت کو برقرار رکھنے کیلئے بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر پنجاب بھر میں لیکن مظفرگڑھ میں سب سے زیادہ رقبہ پر کاشت ہوتا ہے جبکہ گوجرانوالہ میں اس کی سب سے زیادہ فی ایکڑ اوسط پیداوار ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر ہر گھر کے کچن کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ٹماٹر کی چٹنی، پیسٹ اور کیچپ وغیرہ بھی استعمال کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس کی مصنوعات کی مانگ بیرونی ممالک میں بھی دن بدن بڑھ رہی ہے۔انہوں نے ٹماٹر کے کاشتکاروں کو فصل کی آبپاشی میں انتہائی احتیاط برتنے کی بھی ہدائت کی اور کہا کہ موسمی درجہ حرارت کی تبدیلی کے باعث فصل کو 15سے 20روز کے بعد پانی لگایا جائے اور ٹماٹر کی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے ابتدائی ایام میں ہی 2سے 3مرتبہ مناسب گوڈی کر دی جائے تاکہ ٹماٹر کے پودوں کو نقصان نہ پہنچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ گوڈی کرتے وقت ٹماٹر کے پودوں پر مٹی چڑھا دیں اور پودوں کا رخ پٹڑیوں کی جانب کرتے رہیں تاکہ ٹماٹر پانی میں گر کر ضائع نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ٹماٹر کے کاشتکار جڑی بوٹیوں کے کیمیائی انسداد کیلئے ماہرین زراعت کی سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہروں کا سپرے کریں اور اگر انہیں فصل کے بارے میں کوئی معلومات درکار ہوں تو اس سلسلہ میں فوری طور پر ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا توسیع و پیسٹ وارننگ کے عملہ سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات