Live Updates

پاکستان ، بھارت کی جنگ میں مداخلت نہیں کریں گے، امریکا

دونوں ملکوں کے درمیان ایٹمی جنگ کا امکان نہیں ،سابق امریکی انتظامیہ کی پالیسیوں سے نقصان ہوا، نائب امریکی صدر

جمعہ 9 مئی 2025 13:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، پاکستان نے اسے جواب دے دیا، ہم پاک - بھارت جنگ میں مداخلت نہیں کریں گے، کیونکہ اس سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔امریکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم جنوبی ایشیا میں دونوں پڑوسی ملکوں کے مابین کشیدگی کم کرانے کیلئے کام سفارتی راہداریوں کو استعمال کر رہے ہیں، تاہم جنگ میں براہ راست دخل نہیں دیں گے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری جنگ نہیں ہونی چاہیے، ایسا ہوا تو یہ پوری دنیا کیلئے تباہ کن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ملکوں میں کشیدگی کم کروانے کیلئے کام کر رہے ہیں، تاہم اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کا امکان نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سابق صدر جو بائیڈن کی خارجہ پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سابق امریکی انتظامیہ کی پالیسیوں سے امریکا کو نقصان ہوا، اگر ہم نے یورپ سے متعلق خارجہ پالیسی پر مشاورت کرنی ہے تو کم از کم جو بائیڈن سے نہیں کریں گے۔انہوں نے برطانیہ کے ساتھ تجارتی معاہدے، یورپ سے متعلق امور، یوکرین اور روس کی جنگ پر بھی کھل کر خیالات کا اظہار کیا۔نائب امریکی صدر نے چین اور امریکا کی تجارتی جنگ اور امریکی اقتصادی صورت حال پر بھی اپنا مؤقف پیش کیا۔

Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات