آزاد کشمیر کے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن سے لڑیں گے،راجہ ناصر لطیف ایڈووکیٹ

جمعہ 9 مئی 2025 16:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)وائس چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد راجہ ناصر لطیف ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بزدل دشمن ہندوستان نے رات کی تاریکی میں مساجد اور سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔ افواج پاکستان نے ہندوستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ آزاد کشمیر کے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن سے لڑیں گے۔

اس وقت قومی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے۔ سب تفرقات کو ختم کر کے یکجان ہو کر ہم نے ہندوستان کا مقابلہ کرنا ہے۔ راجہ ناصر لطیف نے کہا کہ ہندوستان نے پہلگام میں خود فالس فلیگ اپریشن کیا اور اس کی اڑ میں کشمیریوں اور ہندوستان میں مسلمانوں پر مظالم میں اضافہ کیا۔ ہندوستان کے عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے بزدلوں کی طرح رات کی تاریکی میں مساجد پر حملہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندوستان جھوٹ کے سہارے دنیا کو بے وقوف نہیں بنا سکا۔ پاکستان کی بہادر فضائیہ اور افواج نے ہندوستان کے جہاز اور ڈرون تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور پوسٹیں تباہ کی۔ ہندوستان کے حملہ میں معصوم بچوں ، بزرگ شہریوں اور خواتین کے زخمی اور شہید ہونے سے واضح ہوتا ہے کہ اس نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا ہر شخص پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑے گا۔ افواج پاکستان پر ہمیں فخر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے تمام پاکستانی قوم یکجا ہو کر افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی رہے۔ سوشل میڈیا کی افواہوں اور پروپگنڈے پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع کی خبروں کو پھیلائیں۔