Live Updates

پوری قوم متحد ہوگئی‘ بھارت اور اس کے مذموم عزائم کیخلاف پاکستان ضرور فتح یاب ہوگا، پی ٹی آئی

عوام کے درمیان عمران خان کی موجودگی انہیں متحد کرنے کیلئے اشد ضروری ہے، قومی اتحاد پاکستان کے امن اور ترقی کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے قومی عزم کو تقویت دے گا؛ سیاسی کمیٹی کا اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 مئی 2025 17:00

پوری قوم متحد ہوگئی‘ بھارت اور اس کے مذموم عزائم کیخلاف پاکستان ضرور ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ جنگ کے ایک نیا موڑ لینے کے بعد پوری قوم متحد ہو گئی، بھارت اور اس کے مذموم عزائم کیخلاف پاکستان ضرور فتح یاب ہوگا۔ تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق جنگ کی صورتحال میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کے تناظر میں پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں شرکاء نے مسلح افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف دیئے گئے ردعمل کو سراہا، جنگ کا پانسہ پلٹنے میں پاک فضائیہ کے کردار کو خاص طور پر سراہا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اس سے قبل صبح کے وقت پارٹی چیئرمین کو فون کے ذریعے ملک کے خلاف بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران کے بارے میں آگاہ کیا، چیئرمین نے انہیں بانی چیئرمین عمران خان کی سلامتی اور فلاح و بہبود کے بارے میں پارٹی کی تشویش سے آگاہ کیا، انہوں نے ان کی فوری رہائی کی ضرورت پر بھی زور دیا کیوں کہ عوام کے درمیان ان کی موجودگی انہیں متحد کرنے کے لیے اشد ضروری ہے، قومی اتحاد پاکستان کے امن اور ترقی کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے قومی عزم کو تقویت دے گا۔

(جاری ہے)

پی آئی سیاسی کمیٹی کا اعلامیہ میں کہنا ہے کہ شرکاء نے بھارت کے وحشیانہ حملے کے بعد نواز شریف، آصف علی زرداری اور حکومت کے دیگر اہم ارکان کی گہری خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا، یہ سراسر قابل مذمت ہے کیوں کہ یہ بھارتی جارحیت کی خاموش حمایت کے مترادف ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی، بیرسٹر گوہر خان نے اپنے ایک بیان میں آپریشن بنیان مرصوص کو سراہا اور کہا کہ بھارتی جارحیت کے بعد آپریشن بنیان مرصوص ضروری تھا اور الحمدللہ بہت کامیاب ہوا، قوم متحد ہے اور بھارت کی آئندہ کسی بھی جارحیت کے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہوگی، پاکستان زندہ باد!۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات