اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا آپریشن ’’ بنیان مرصوص‘‘ کی شاندار کامیابی پر یومِ تشکر منانے کے وزیراعظم پاکستان کے فیصلے کا خیر مقدم

پاک فضائیہ کے جانباز شاہینوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے،اسپیکر قومی اسمبلی کا بیان

اتوار 11 مئی 2025 16:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی پر ملک بھر میں یومِ تشکر منانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقینا آج کا دن اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے افواجِ پاکستان کی بے مثال جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج نے مکمل تیاری اور حکمت عملی کے ساتھ ملک کے دفاع کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ آج دنیا پاکستانی فضائیہ کو فضاؤں کا بادشاہ اور ہماری مسلح افواج کو دنیا کی بہترین افواج میں شمار کر رہی ہے جس کا تمام تر کریڈٹ ہماری پاک افواج کو جاتا ہے جن کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت آج پاکستان کو عظیم مقام حاصل ہوا ہے۔