Live Updates

افغانستان، پاکستان اور چین کے درمیان سہ فریقی اجلاس ، مختلف امور پر غور

اتوار 11 مئی 2025 16:35

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء) سہ فریقی اجلاس افغانستان، پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور مشترکہ منصوبوں کے آغاز کے مقصد سے کابل میں منعقد ہوا۔یہ اجلاس امارت اسلامی افغانستان کی وزارت صنعت و تجارت کے سرپرست الحاج نورالدین عزیزی کی میزبانی میں ہوا، جس میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے شرکت کی۔

وفد کی قیادت محمد صادق خان، پاکستان کے افغانستان کے لیے خصوصی نمائندے نے کی، جبکہ عبدالرحمن نظامانی، کابل میں پاکستان کے سفیر بھی اجلاس میں شریک تھے۔اسی طرح چین کی نمائندگی یوشیاو یونگ، افغانستان کے لیے چین کے خصوصی نمائندے، اور اؤ شینگ، کابل میں چین کے سفیر نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متعدد کلیدی موضوعات پر گفتگو ہوئی، جن میں افغانستان میں مشترکہ صنعتی پارکس کا قیام، خصوصی اقتصادی زونز کی تشکیل، مشترکہ ایکسپورٹ پروسسنگ مراکز، سہ فریقی تجارتی نمائشوں کا انعقاد، افغانستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے معاونت مراکز کا قیام، اور تینوں ممالک کے درمیان بینکنگ تعلقات میں سہولت شامل تھے۔

الحاج نورالدین عزیزی نے افتتاحی خطاب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ نمائندوں کی موجودگی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مشترکہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ امارت اسلامی کی پالیسی معیشت پر مبنی ہے اور ہم بیرونی سرمایہ کاری کو باہمی مفادات کے پیش نظر اسی پالیسی کے تحت ترتیب دیتے اور عملی جامہ پہناتے ہیں۔اجلاس کے اختتام پر الحاج عزیزی نے پاکستان اور چین کے وزرائے تجارت کو باضابطہ طور پر افغانستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ مذاکرات کو مزید گہرا اور تعاون کو وسیع کیا جا سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات