پولیس مقابلے کے بعد ہندو تاجر سیتل داس کو چھتر کے علاقے بحفاظت بازیاب کروالیا گیا ہے،ایس ایس پی نصیرآباد

اتوار 11 مئی 2025 17:40

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) ایس ایس پی نصیرآباد غلام سرور بھیو نے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی نصیرآباد رینج کیپٹن (ر) عاصم خان کی قیادت اور نگرانی میں پولیس نے متعدد اہم کارروائیاں سرانجام دے کر ہندو تاجر سیتل داس کو چھتر کے علاقے سے بازیاب کروالیا گیا ہے اس موقع پر ایس ڈی پی او سٹی سرکل اے ایس پی محمد طیب اقبال، ایس ڈی پی او تمبو خاوند بخش کھوسہ، ایس ڈی پی او چھتر غلام حیدر منجھو، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محمد شمن سولنگی، ایس ایچ او سٹی سب انسپکٹر محمد عمر اعوان، ایس ایچ او شہید نذیر احمد عمرانی (منگولی) انسپکٹر ذوالفقار علی پندرانی، ایس ایچ او صدر محمد مراد بھنگر، انچارج سی آئی اے سب انسپکٹر بہادر علی ڈومکی، ریڈر ٹو ایس ایس پی علی بخش ابڑو، انچارج آئی ٹی سیکشن منظور احمد ابڑو اور پی آر او فیروز کے بی منگی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی نصیرآباد غلام سرور بھیو نے بتایا کہ پولیس تھانہ منجھو شوری کی حدود میں شہید پولیس کانسٹیبل ذوالفقار علی دھرپالی کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم بدل خان ولد شاہنواز قوم سیاہ پاد رند کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں ایک جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی، جس کی سربراہی ڈی ایس پی چھتر غلام حیدر منجھو کر رہے تھے جبکہ دیگر ارکان میں ڈی ایس پی تمبو خاوند بخش کھوسہ، ایس ایچ او منجھو شوری انسپکٹر نذیر حسین سامت، سی آئی اے انچارج سب انسپکٹر بہادر علی ڈومکی، انسپکٹر سکندر علی رند، اور آئی ٹی انچارج منظور احمد ابڑو شامل تھے۔

اس تفتیش کی نگرانی براہِ راست ایس ایس پی غلام سرور بھیو نے کی۔ایس ایس پی نے مزید کہا کہ نصیرآباد پولیس نے حساس اداروں کی معاونت سے مغوی ہندو تاجر سیتل داس کو کامیابی سے بحفاظت بازیاب کروایا۔ اغواء کار مغوی کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوشش میں تھے کہ بروقت اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم نے چھتر کے علاقے کنڈی میں کارروائی کی۔ اس کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے بعد مغوی کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔

اس ٹیم میں اے ایس پی طیب اقبال، ایس ڈی پی او چھتر غلام حیدر منجھو، ایس ایچ او سٹی، ایس ایچ او شہید نذیر احمد عمرانی، انسپکٹر ذوالفقار علی پندرانی، سی آئی اے انچارج بہادر علی ڈومکی اور دیگر اہلکار شامل تھے۔علاوہ ازیں، ایس ایس پی نصیرآباد نے بتایا کہ منجھو شوری تھانے کی حدود میں ایک شہری کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او انسپکٹر نذیر حسین سامت نے قاتل خلیل احمد ولد علی حسن قوم گولہ کو گرفتار کرلیا ہے اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔ایس ایس پی غلام سرور بھیو نے آخر میں کہا کہ نصیرآباد پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔\378