Live Updates

سوات،بنیان مرصوص میں افواج پاکستان کی فتح پر پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کی عظیم الشان ریلی، بھارت کو منہ توڑ جواب پر عوام کا اظہار فخر

اتوار 11 مئی 2025 19:55

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)سوات میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کی جانب سے افواج پاکستان کے حالیہ آپریشن "بنیان مرصوص" میں تاریخی کامیابی اور دشمن بھارت کو دندان شکن جواب دینے پر زبردست ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا مقصد پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار اور دشمن کو شکست دینے پر قومی جوش و خروش کا مظاہرہ تھا۔ریلی پی ٹی آئی پی کے مرکزی چیئرمین اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی کال پر نکالی گئی، جس میں پاک فوج کے افسران و جوانوں کے ساتھ ساتھ ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

شرکا نے قومی و پارٹی پرچم تھامے فلک شگاف نعرے لگائے، جن میں نعرہ تکبیر، اللہ اکبر، پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد شامل تھے۔ریلی کا آغاز مینگورہ شہر کی مرکزی شاہراہوں سے ہوا اور یہ نشاط چوک میں عظیم الشان جلسے میں تبدیل ہوگئی۔

(جاری ہے)

جشن فتح میں نوجوان، بزرگ، خواتین اور بچے بھی شریک تھے، جو فوجی جوانوں کے حق میں جذباتی نعرے لگاتے رہے۔

ریلی کے شرکا کا جوش و خروش دیدنی تھا اور فضا مکمل طور پر حب الوطنی سے لبریز نظر آئی۔ریلی میں پاک فوج کے افسران اور نوجوانوں نے بھی شرکت کی اور عوام میں گھل مل گئے ۔ شرکا نے پاک فوج کے جوانوں پھول نچھاو رکرکے شاندار استقبال کیا ۔ ریلی کی قیادت پی ٹی آئی پی کے صوبائی صدر حبیب علی شاہ اور سابق صوبائی وزیر محب اللہ خان نے کی، جب کہ ان کے ہمراہ امیر زمان خان، محبوب الرحمان، افتخار باچا، انند لال جگی، عثمان غنی، فضل ربی راجہ و دیگر پارٹی رہنما بھی شریک تھے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ رات کے اندھیرے میں بزدلانہ حملے کر کے اپنی کمزوری اور خوف کا اظہار کیا ہے، مگر افواجِ پاکستان نے نہ صرف دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا بلکہ دن کی روشنی میں موثر، بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی کر کے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص" افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قومی دفاع سے وابستگی کی بہترین مثال ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

مقررین نے کہا کہ دشمن اگر کوئی بھی جارحیت کرے گا، پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہوگی۔پی ٹی آئی پی کے قائدین نے کہا کہ افواجِ پاکستان کا شکریہ ادا کرنا اور ان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہر محب وطن شہری کا فرض ہے، اور آج سوات کے عوام نے ثابت کردیا کہ وہ ہر لمحہ اپنی فوج کے ساتھ ہیں۔اختتام پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کے اعزاز میں دعائیں کی گئیں اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیہ کلمات ادا کیے گئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات