Live Updates

پاکستان پیپلز پارٹی ہزارہ ٹاون کے زیراہتمام پاک فوج کے حق اور بھارتی جارحیت کے خلاف انجینئر ہادی عسکری کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی

اتوار 11 مئی 2025 22:00

ح*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی ہزارہ ٹاون کے زیراہتمام اتوار کو پاک فوج کے حق اور بھارتی جارحیت کے خلاف انجینئر ہادی عسکری کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو بروری روڈ، اسپنی روڈ، انسکمب روڈ،شارع عدالت سے ہوئی ہوئی پریس کلب پہنچی ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی ریلی کے شرکا نے پاکستانی جھنڈے اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پرپاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے ریلی کے شرکا سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما انجینئر ہادی عسکری،عہدیہ بتول،سید عیوض آغا، ملک عیسی ہزارہ اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ10مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا جس دن پاک فوج نے اپنی سے کئی سو گنا بڑی فوج کو دن کی روشنی میں منہ توڑ جواب دیتے ہوئے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے اور پاک فوج اپنے ملک کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتی ہے جس کا واضح ثبوت پاک فوج نے گزشتہ روز دشمن کو بھر پور جواب دیکر پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی قوت کی بنیاد رکھی جس کی بدولت پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بنا جس سے پاکستان کا دفاع مضبوط ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے جوانوں نے کارگل کی لڑائی میں بھی جام شہادت نوش کیا تھا اوراب انڈیا کے خلاف بھی جنگ میں حصہ لیا ہے ہزارہ قوم کے مرد اور خواتین ملک کے دفاع کیلئے اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اورکسی بھی قربانی سے انشا اللہ دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے اور بھاری جانی و مالی نقصان پہنچانے پر سپہ سالار حافظ منیر اوردیگر افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات