Live Updates

صدر ٹرمپ نے اسرائیلی نژاد امریکی فوجی کی رہائی کے اعلان کو تاریخی قراردیدیا

امید ہے تمام قیدیوں کو رہا کیا جائے گا اور غزہ میں جاری لڑائی کا خاتمہ ہو گا.امریکی صدر کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 12 مئی 2025 15:33

صدر ٹرمپ نے اسرائیلی نژاد امریکی فوجی کی رہائی کے اعلان کو تاریخی قراردیدیا
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 12 مئی ۔2025 )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں اسرائیلی نژاد امریکی فوجی عیدان الیگزینڈر کی رہائی کے حماس کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے تاریخی خبر قرار دیا ہے انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ تمام قیدیوں کو رہا کیا جائے گا اور غزہ میں جاری لڑائی کا خاتمہ ہو گا. سوشل میڈیا پلیٹ فارم”ٹروتھ“ پر ایک پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ ان تمام افراد کے شکر گزار ہیں جن کی کوششوں سے یہ تاریخی خبر ممکن ہوئی.

(جاری ہے)

انہوں نے قیدی کی رہائی کو نیک نیتی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے یہ قدم اس خون ریز تنازع کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہو گا صدر ٹرمپ نے تمام ثالثوں خصوصاً مصر اور قطر کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے اس رہائی میں کردار ادا کیا. یادرہے کہ گزشتہ روز حماس نے اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیلی امریکی فوجی عیدان الیگزینڈر کو رہا کرے گی یہ اعلان ان اطلاعات کے فوراً بعد سامنے آیا جن کے مطابق حماس کے کچھ راہنماﺅں نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ کے ساتھ براہ راست بات چیت کی جس میں جنگ بندی اور غزہ میں امدادی سامان کے داخلے جیسے امور زیر بحث آئے.

حماس کے وفد کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی اور امریکی شہریت رکھنے والے فوجی عیدان الیگزینڈر کی رہائی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد جنگ بندی، سرحدی راہ داریوں کا کھولا جانا اور غزہ کے عوام تک امداد اور راحت رسانی پہنچانا ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حماس فوری اور بھرپور مذاکرات کے لیے تیار ہے تاکہ جنگ کے خاتمے اور قیدیوں کے تبادلے کے حتمی معاہدے تک پہنچا جا سکے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی امریکی فوجی کی رہائی منگل کے روز عمل میں آئے گی مصر اور قطر نے بھی حماس کے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ نیک نیتی کی علامت اور ایک ایسا مثبت قدم ہے جو فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے میں مدد دے گا.

دونوں ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ قیدی کی رہائی جنگ بندی، دیگر قیدیوں اور زیر حراست افراد کی رہائی اور غزہ میں امداد کے بلا تعطل داخلے کو ممکن بنانے کے لیے اہم موقع ہے تاکہ اس علاقے میں انسانی بحران کا تدارک کیا جا سکے اس ضمن میں امریکی خصوصی ایلچی، ایڈم بوہلر، نے حماس کے اس فیصلے کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ تنظیم دیگر چار امریکی شہریوں کی باقیات بھی حوالے کرے دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکہ نے اسرائیل کو اطلاع دی ہے کہ یہ غیر مشروط اقدام حماس کی جانب سے نیک نیتی کے اظہار کے طور پر سامنے آیا ہے توقع ہے کہ اس اقدام سے مزید قیدیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی.


Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات