صوبائی وزرا توانائی اور داخلہ نے فنانس کمیٹی کے اجلاس میں KWSSIPکے منصوبے کیلئے 885ملین روپے کی منظوری دے دی

وزیر توانائی ناصر شاہ کی زیر صدارت کابینہ کی سب کمیٹی اجلاس میں 25 کروڑ روپے کی لاگت سے کیڈٹ کالج پٹارو کو سولرائیز کرنے کا فیصلہ

پیر 12 مئی 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)وزیر توانائی ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت وزیر داخلہ، قانون، پارلیمانی افیئرز ضیا الحسن لنجار کی موجودگی میں کابینہ کی سب کمیٹی برائے فنانس کا ایک اجلاس محکمہ توانائی سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سندھ کے مختلف اداروں کو درپیش مالی مشکلات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور انکے حل کیلئے تجاویز پیش کی گئیں۔

وزیر توانائی ناصر شاہ نے کہا کہ 25 کروڑ روپے کی لاگت سے کیڈٹ کالج پٹارو کو سولرائیز کیا جائے گا تاکہ کالج کے طلبا کو اپنی تعلیم و تربیت کیلئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور انھیں پرسکون تدریسی ماحول فراہم کیا جاسکے۔ صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور ضیا الحسن لنجار نے اجلاس کے موقع پر کمیٹی کی جانب سے سفارش پر KWISSPفیز ٹو کے منصوبے کیلئے 885ملین روپے کی بھی منظوری دی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزرا نے اس موقع پر کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر عوام کو ریلیف دینے اور وسیع تر مفاد کے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل اور ان منصوبوں میں حائل اور درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے کابینہ کی سب کمیٹی برائے فنانس کی تشکیل دی گئی ہے، اسی لئے اس کمیٹی میں جائزہ لے کر اور کمیٹی کے تمام ممبران کی مشترکہ رضامندی سے فیصلے جلد از جلد کئے جاتے ہیں لیکن وہی منصوبے منظور کئے جاتے ہیں جوکہ تمام تر قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہیں۔ ناصر حسین شاہ اور ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ملیر کیلئے واٹر سپلائی اسکیم کے منصوبے اور یو ایس ایڈ پروگرام کے جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھی فنڈ کی منظوری دی گئی۔