احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس ، اڑان پاکستان پروگرام کے تحت برآمدات پر مبنی ترقی کی حکمت عملی کا جائزہ

تمام متعلقہ وزارتوں کو مخصوص ورکنگ گروپس قائم ، کلسٹر کی بنیاد پر بزنس پلان تیار کرنے،اگلے دو ہفتوں میں جامع عملی فریم ورک جمع کرانے کی ہدایت

پیر 12 مئی 2025 22:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اڑان پاکستان پروگرام کے تحت برآمدات پر مبنی ترقی کی حکمت عملی کا جائزہ لینے کیلئے پیرکو اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ یہ اجلاس 5ایز کے فریم ورک کے پہلے ستون برآمدات کا پہلا دو ماہی اجلاس تھا جس کا مقصد پاکستان کو 2035 تک ایک کھرب ڈالر کی معیشت بنانا ہے۔

اجلاس میں وزیر نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ مخصوص ورکنگ گروپس قائم کریں، کلسٹر کی بنیاد پر بزنس پلان تیار کریں اور اگلے دو ہفتوں میں جامع عملی فریم ورک جمع کرائیں۔ انہوں نے اگلے پانچ سالوں میں 60ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کرتے ہوئے اسے ایک قومی مشن قرار دیا۔پروفیسر احسن اقبال نے کہاکہ یہ ایک معاشی ایمرجنسی ہے، ہمیں معمول سے ہٹ کر تیز رفتاری سے آگے بڑھنا ہوگا تاکہ عالمی منڈیوں میں جگہ حاصل کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈیٹا پر مبنی منصوبہ بندی، ویلیو چین ڈویلپمنٹ اور عالمی معیار کے مطابق سرٹیفکیشن و برانڈنگ پر زور دیا۔ انہوںنے کہاکہ میڈ ان پاکستان کو معیار، پیداواریت اور پائیداری کی علامت بنانا ہوگا۔منصوبہ بندی کی وزارت نے برآمدات کے فروغ کے لیے آٹھ سٹریٹجک کلسٹرز کی نشاندہی کی ہے جن میں زراعت و زرعی برآمدات، صنعت و مینوفیکچرنگ، سروسز (غیر آئی ٹی)، آئی ٹی و ڈیجیٹل سروسز،معدنیات و کان کنی، افرادی قوت برآمد،بلیو اکانومی اور تخلیقی صنعتیں شامل ہیں ۔ہر کلسٹر متعلقہ وزارت کی نگرانی میں ہوگا، جو بین الوزارتی اشتراک سے بزنس پلان تیار کرے گی۔ وزارت تجارت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ برآمدی اہداف کو ان شعبوں میں تقسیم کرے اور قابل عمل پالیسی اقدامات تجویز کرے۔